• news

پشاور دھماکہ : ذمہ داروں کو کٹہرے میں لائیں گے : بزدلانہ کا رروائیاں قوم کا عزم متز لز ل نہیں کر سکتیں : آرمی چیف


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے فوج کے تمام کمانڈروں کو ہدایت کی ہے کہ خفیہ ایجنسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر پائیدار امن کے حصول تک دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں پر توجہ مرکوز رکھیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرقیادت 255ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس کے شرکاء کو موجودہ اور ابھرتے ہوئے خطرات، غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کمشیر کی صورتحال اور ملک بھر میں دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کے مابین گٹھ جوڑ کو توڑنے کے لیے فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جاری انٹیلی جنس رپورٹس کی روشنی میں کئے جانے والے آپریشنز کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ فورم نے پشاور پولیس لائن دھماکے کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اس طرح کی غیر اخلاقی اور بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں کامیابی کے لیے ہمارے عزم کو پھر سے تقویت دیتی ہیں۔ آرمی چیف نے تمام کمانڈروں کو ہدایت کی کہ وہ انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں پر اس وقت تک توجہ مرکوز رکھیں جب تک کہ ہم پائیدار امن حاصل نہیں کر لیتے۔ کانفرنس کے شرکاء نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ کشمیر کی آبادی کو تبدیل کرنے کے بھارتی ڈیزائن کا نوٹس لیتے ہوئے، اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق بہادر کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کے لیے پاکستان کی بنیادی حمایت کے لیے فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن