• news

 وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس آج طلب‘  سانحہ پشاور ‘امن و امان کی صورتحال پر غور ہوگا


اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس آج طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سانحہ پشاور اور امن و امان کی صورتحال پر غور ہوگا، اس کے علاوہ کابینہ اجلاس میں 8 نکاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اجلاس میں توانائی بچت پلان پر عملدرآمد، موٹر سائیکل اور رکشوں میں لو گریڈ پٹرول کی فراہمی سے متعلق توانائی ڈویڑن بریفنگ دے گی، سرمایہ کاری بورڈ کے ریگولیٹری اصول اور گائیڈ لائنز بھی پیش ہوں گی۔ امتیاز بی بی کیس سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کی ہدایت پر عملدرآمد بھی ایجنڈے کا حصہ ہے، اس کے علاوہ اسلام آباد میں ویسٹ مینجمنٹ پلان کو منظوری کیلئے بھی پیش کیا جائے گا۔ ای سی سی کے 17 اور 25 جنوری کے فیصلوں کی توثیق لی جائے گی اور سی سی ایل سی کے 27 جنوری کے فیصلوں کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن