پاکستان میں سیا سی استحکام کیلئے آئینی راستے کے منتظر، عبادت گا ہوں کو نشا نہ بنانا قا بل مذمت
برسلز (نوائے وقت رپورٹ) یورپی یونین نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں اتار چڑھاؤ کی شکار سیاسی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ہم پاکستان میں سیاسی استحکام کیلئے منظم آئینی راستے کے منتظر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس کی ترجمان نبیلا مصرالی نے یورپی کمشن کی مڈ ڈے بریفنگ کے دوران پاکستان میں گذشتہ روز پشاور کے بم دھماکے کے تناظر میں پاکستان میں سکیورٹی اور سیاسی استحکام سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کیا۔ ترجمان نے کہا کہ ہم پاکستان کی سیاسی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، جو بدستور اتار چڑھاؤ کا شکار ہے۔ ہم پاکستان کے لیے سیاسی استحکام کے ایک ایسے شعبے میں آگے بڑھنے کے لیے ایک منظم آئینی راستے کے منتظر ہیں، جو پاکستان اور یورپی یونین دونوں کے سیاسی، اقتصادی اور سلامتی کے مفاد میں ہو۔ قبل ازیں پاکستان کی سکیورٹی صورتحال کے بارے میں ترجمان نبیلا مصرالی نے کہاکہ 'ہم نے کل کے مسجد میں ہونے والے دھماکے کی رپورٹس دیکھی ہیں جہاں لوگ عبادت کیلئے اکٹھے تھے۔ اس موقع پر ہم پاکستان کی سکیورٹی ایجنسیوں کی رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔ اس موقع پر یورپی ترجمان نے دھماکے میں جاںبحق ہونے والوں کیلئے اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایسے عناصر کی بھی مذمت کی جو عبادت گاہوں کو نشانہ بناکر ملکی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔