تمام سیا سی قوتیں دہشتگردوں کیخلاف متحد ہو جا ئیں ، سیا سی لڑائی بعد میں بھی لڑ سکتے ہیں : شہباز شریف
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گرد اپنی مذموم کارروائیوں کے ذریعے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے ہیں اور وہ دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خلاف ہماری محنت سے حاصل کردہ کامیابیوں کو پلٹنا چاہتے ہیں۔ منگل کو ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی قوتوں کو میرا پیغام پاکستان دشمن عناصر کے خلاف اتحاد کا ہے، ہم اپنی سیاسی لڑائی بعد میں بھی لڑ سکتے ہیں۔ مزید براں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، معاشی ترقی اور نوجوانوں کو یکساں مواقع فراہم کرکے بلوچستان کی محرومیوں کو دور کریں گے۔ منگل کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے قائم مقام گورنر بلوچستان جان محمد جمالی اور سینیٹر ثنا جمالی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال اور بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو ہوئی۔ قائم مقام گورنر بلوچستان جان محمد جمالی اور سینیٹر ثنا جمالی نے بلوچستان کی ترقی کیلئے وفاقی حکومت کے اقدامات اور گوادر بندرگاہ کو مزید فعال بنانے کیلئے احکامات پر وزیرِ اعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہبازشریف نے اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کی طرف سے کئے جانے والے کام کو سراہتے ہوئے ماحولیاتی تبدیلیوں ، حیاتیاتی تنوع کے نقصان اور ماحولیاتی نظام کے انحطاط کو زیادہ موثرطریقے سے حل کرنے کے لئے کوششیں بڑھانے پر زور دیا ہے۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف سے اقوام متحدہ کے ماحولیات پروگرام کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر انگر اینڈرسن نے ملاقات کی۔ انگر اینڈرسن پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیاں آج کے بڑے مسائل میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ممالک میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے حوالے سے بھرپور اقدامات کئے۔ انگر اینڈرسن نے وزیراعظم کو یو این ای پی کی جانب سے پاکستان میں اٹھائے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی اور یو این ای پی میں پاکستان کے فعال کردار کو سراہا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یو این ای پی تباہ کن سیلابوں کے بعد بحالی کی کوششوں میں پاکستان کا ساتھ دے۔ دریں اثناء وزیراعظم سے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے ملاقات کی۔ وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم سے وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے ملاقات کی۔ وزارت سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مزید برآں اے پی پی کے مطابق وزیراعظم سے وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ نے ملاقات کی۔ وزارت آبی وسائل کے امور پر بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم سے سیکرٹری کابینہ ڈویژن احمد نواز سکیھرا نے الوداعی ملاقات کی۔ رکن قومی اسمبلی ملک سہیل خان بھی ملے۔