شیخ رشید کو آج پیش ہونے کا آخری موقع، الزامات سے منحرف
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے کہا ہے کہ طلبی کے معاملے پر شیخ رشید کیلئے آخری موقع ہے وہ آج یکم فروری کو شام 4 بجے تک پولیس کے روبرو پیش ہوں۔ شیخ رشید احمد پولیس انکوائری میں تعاون نہیں کر رہے ہیں۔ شیخ رشید آصف زرداری پر لگائے گئے الزامات سے منحرف ہوگئے۔ ان کے مطابق انہوں نے یہ بیان عمران خان کے بیان کی بنیاد پر دیا، انہیں کسی سازش کا علم نہیں۔ انکوائری افسر تھانہ آبپارہ نے شیخ رشید کو شام 4 بجے تک مزید مہلت دی۔ دوسری جانب سابق وزیر داخلہ نے لال حویلی سے جاری بیان میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی کے نائب صدر راجہ عنایت نے میرے خلاف تھانہ آبپارہ میں درخواست دی ہے کہ میں نے آصف زرداری کے خلاف عمران خان کے قتل کی سازش کا الزام لگایا ہے۔ ہائی کورٹ کی رٹ نمبر 213/22کے مطابق میر ے خلاف کسی بھی قانونی کارروائی سے پہلے عدالت کو اعتماد میں لیا جائے۔ وکیل کے ذریعے جواب دینا میرا قانونی حق ہے جس سے ایس ایچ او انکاری ہے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا بذریعہ وکیل جواب مسترد کر دیا اور شیخ رشید کو پیش ہونے کا آخری موقع دیا ہے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے آصف علی زرداری پر الزام سے لاتعلقی ظاہر کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس اس معاملے کے کوئی شواہد نہیں اور نہ میرا کوئی تعلق ہے۔ میرے خلاف دی گئی درخواست سراسر جھوٹ اور من گھڑت ہے۔ درخواست گزار نے اپنی شناخت غلط ظاہر کی، جعلی شناختی کارڈ نمبر لکھا ہے۔
شیخ رشید