• news

پشاور کے 2 اہلکاروں کی مثالی دوستی‘ سکول سے شہادت تک ساتھ رہے


پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پشاور پولیس لائن کی مسجد میں شہید ہونے والے دو اہلکار ایسے بھی تھے جنہوں نے سکول کی دوستی سے لیکر شہادت کے وقت تک ایک دوسرے کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ شہید افتخار اور شہید ابن امین جماعت اول سے دوست بنے‘ تعلیم مکمل کر کے ابن امین پولیس  اور افتخار محکمہ واپڈا میں بھرتی ہوا‘ لیکن دوست کی جدائی برداشت نہ کرتے ہوئے افتخار واپڈا کی ملازمت چھوڑ کر پولیس میں بھرتی ہو گیا اور شہید ہونے تک ایک ساتھ ہی رہے۔ رشتہ داروں کے مطابق دونوں شہداء اپنے خاندانوں کیلئے باعث عزت و افتخار ہیں۔ دونوں شہداء کی نمازجنازہ چارسدہ میں ان کے آبائی علاقے امیر آباد میں ادا کی گئی۔ اس موقع پر فضا سوگوار اور دوست احباب غمزدہ تھے۔ ابن امین اور افتخار کے عزیز و اقارب اور رشتہ داروں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ دہشت گردوں سے کسی صورت مرعوب نہیں ہونگے۔ ان کے بچے بھی ان شہداء کے نقش قدم پر چل کر ملک و قوم کی حفاظت کریں گے۔ اس سے قبل شہید اہلکار افتخار کا ایک بھائی بھی شہید ہوکر ملک  و قوم پر قربان ہو چکا ہے۔
مثالی دوستی

ای پیپر-دی نیشن