• news

حج کو سستا ‘با سہولت بنانا وزارت مذہبی امور کی اولین ترجیح ہے،مفتی عبدالشکور


اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی اعبدالشکور نے کہا ہے کہ اسلامی تعلیمات اورپاکستان کا آئین ہرقسم کی مذہبی آزادی کی ضمانت فراہم کرتے ہیں ، معاشرے کو تقسیم سے بچانے کیلئے ہمیں تمام مذاہب کا احترام کرنا ہوگا اور اسی طرح انتہا پسندانہ رویوں کا سدباب بھی کیا جاسکتا ہے، حج کو سستا اور با سہولت بنانا وزارت مذہبی امور کی اولین ترجیح ہے، ایئرلائنزکے ساتھ حج پیکج طے ہونے کے بعد ہی حج 2023 کی پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔منگل کووزارت مذہبی امور کے زیر انتظام جبری طور پر مذہب کی تبدیلی کے عنوان سے ایک روزہ سیمینارکا انعقاد کیا گیا سیمینار سے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے بھی خطاب کیا، وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے اپنے خطاب اوربعد ازاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا پاکستان کے آئین نے مذہبی آزادی کی مکمل آزادی دے رکھی ہے، اسلام میں بھی کسی کو جبری طور پر مذہب تبدیل کرنے پر مجبورنہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے تقریب کے شرکا پر زور دیا سب کو ایک دوسرے کے مذہب کا احترام کرنا چاہئے۔انہو ں نے کہا کہ خودکش حملہ آوروں کو ہم انتہا پسند کہتے ہیں مگرہم سب کو بھی انتہا پسندانہ رویوں سے اجتناب اور اپنے جذبات پرقابو رکھنا چاہئے تاکہ معاشرے میں کسی قسم کی تفریق پیدا نہ ہو۔نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ملک میں توہین مذہب یا توہین رسالت کے قانون کا غلط استعمال نہیں ہو رہا، اسلام میں جبر نہیں پھر الزام کیوں لگایا جاتا ہے اسلام جبرا کسی کو مسلمان بناتا ہے، آئین نے پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگوں کے حقوق کا تحفظ کیا ہے۔ پچھلے دو اڑھائی سال میں جبری مذہب کی تبدیلی یا جبرا شادی کی دس شکایتیں بھی موصول نہیں ہوئیں، دعوے سے کہہ سکتا ہوں کوئی بھی توہین مذہب یا توہین رسالتؓ کے قانون کو غلط استعمال نہیں کر رہا۔
مفتی عبدالشکور

ای پیپر-دی نیشن