پشاور دھماکہ سکیورٹی ناکامی‘ مہنگائی کے خلاف تحریک میں تیزی لائیں گے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پشاور پولیس لائنز مسجد دھماکہ وفاقی و صوبائی حکومتوں اور سکیورٹی اداروں کی ناکامی ہے۔ نیشنل سکیورٹی کونسل نے گزشتہ عرصے میں جو فیصلے کیے عملدرآمد نہیں ہوا۔ عوام کی جان و مال، عزت و آبرو کی حفاظت حکومت کی آئینی ذمہ داری اور حلف کا تقاضا ہے، یہ ذمہ داری پوری نہیں ہوتی تو حکمران ناکامی کا اعتراف کریں اور گھر چلے جائیں۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دورہ روس سے قبل اعلان کیا کہ وہ ماسکو سے مسئلہ افغانستان پر بات کریں گے۔ ان سے کہنا چاہتا ہوں افغانستان والے اپنے ملک کو سنبھال لیں گے، یہ ان کی ذمہ داری ہے، آپ اپنی فکر کریں۔ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کرسی اور مفادات کے لیے برسرپیکار ہیں ۔ حکمرانوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ قوم مزید انہیں برداشت نہیں کر سکتی۔ وہ وقت قریب ہے جب لوگوں کا ہاتھ نااہل حکمرانوں کے گریبانوں میں ہو گا۔ ایک طرف ایک لیٹر پٹرول اور چند کلو آٹا خریدنے کی سکت نہیں رکھتے، دوسری جانب بدامنی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ قوم جاننا چاہتی ہے کہ مرکزی اور صوبے کی نگران حکومت کے پاس خیبرپختونخوا کو بدامنی سے بچانے کے لیے کیا منصوبہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں دھماکہ کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے زخمیوں کو گلدستے پیش کیے اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے شہدا کی درجات کی بلندی کے لیے بھی دعا کی اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ الخدمت فائونڈیشن شہداء کے بچوں کی تعلیمی کفالت کرے گی۔ سابق ایم پی اے خیبر پی کے اسمبلی عنایت اللہ خان‘ نائب امیر جماعت اسلامی کے پی مولانا اسماعیل‘ سیکرٹری جنرل کے پی عبدالواسع‘ امیر ضلع بحر اللہ خان ایڈووکیٹ اور صدر الخدمت فائونڈیشن کے پی خالد وقاص بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے میدان میں ہے۔ مہنگائی کے خلاف تحریک میں آئندہ دنوں مزید تیزی لائیں گے۔ قوم ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔
سراج الحق