امریکہ جنگ کو ہوادے رہا یوکرائن کیلئے ہتھیاروں کی فراہمی روکے : چین
بیجنگ‘ واشنگٹن‘ ریوڈی جنیرو (اے پی پی+ آئی این پی) چین نے یوکرائن بحران کے سیاسی حل کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے امریکا پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ روس یوکرائن جنگ کو ہوا دے رہا ہے اور کہا ہے کہ امریکا یوکرائن کو ہتھیاروں کی فراہمی روکے۔ ترک خبر رساں ایجنسی کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماﺅ ننگ نے بیجنگ میں نیوز کانفرنس میں یوکرین میں روسی جنگ کی کوششوں کے لیے چین کی سرکاری ملکیت والی کمپنیوں کی جانب سے مدد فراہم کرنے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو جلد کشیدگی میں کمی کرنے میں مدد کرتے ہوئے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ امریکہ یوکرائن کو ایف 16 طیارے فراہم نہیں کرے گا۔ برازیل کے صدر لوئیزا ناسیو لولاداسلوا نے روس یوکرائن بحران کے حل کیلئے دونوں ممالک کے صدور کے درمیان بات چیت کے سلسلے میں ثالثی کی پیش کش کر دی۔ بیلا روس اور روس کے درمیان مشترکہ فوجی مشق شروع ہو گئی۔ ان مشقوں کا مقصد یونین سٹیٹ کی فوجی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے افواج کے علاقائی گروپ بندی کے استعمال میں فیصلہ سازی کی تربیت دی جا سکے۔ یہ مشقیں ایک ہفتہ تک جاری رہیں گی۔ امریکہ نے یوکرائن کے لئے 60 بریڈلی انفنٹری فائٹنگ وہیکلز کی پہلی کھیپ روانہ کر دی۔ وارسا سے آئی این پی کے مطابق پولینڈ نے روس اور یوکرائن کے درمیان جاری جنگ کی وجہ سے اپنے دفاعی بجٹ میں اضافے کا اعلان کر دیا۔ یوکرائن کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ اناج کے معاہدے کو میکولائیو بندرگاہوں تک بڑھانے کا وقت آن پہنچا ہے۔ زیلنسکی نے ان خیالات کا اظہار ڈنمارک کے وزیر اعظم میٹے فریڈرکسن جو یوکرین کے دورے پر ہیں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں اناج کے معاہدے کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کیا۔
یوکرائن