• news

پولیس افسر،اہلکار محکمانہ احتساب کیلئے تیار رہیں:آئی جی


 لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر 1787 میں شہریوں کی شکایات پر مبنی فون کالز خود سنیں اور ان کے ازالے کیلئے موقع پر متعلقہ آر پی اوز کو احکامات جاری کیے۔ آئی جی پنجاب نے قصور کے شہری نعیم کی موٹرسائیکل چوری کی درخواست میں اندارج مقدمہ کی تاخیر پر ایس ایچ او کھڈیاں کو معطل اور ڈی ایس پی کو شوکاز نوٹس دیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے کہا کہ شہری کی موٹرسائیکل برآمدگی کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ مقدمہ قتل کی ناقص تفتیش پر ایس ایچ او ملت ٹاون فیصل آباد کو معطل جبکہ ڈی ایس پی کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے آر پی او فیصل آباد کو ہدایت کی کہ مقدمہ کی تفتیش اپنی نگرانی میں کروائیں اور ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دلوائیں۔ تھانہ یوسف والا میں ڈکیتی کے مقدمہ کی ناقص تفتیش اور مدعی مقدمہ سے ناروا سلوک اختیار کرنے پر ایس ایچ او یوسف والا کومعطل اور ڈی ایس پی کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے آر پی او ساہیوال کو اس مقدمہ کی تفتیش کیساتھ ساتھ تھانہ حجرہ شاہ مقیم ڈکیتی قتل کے مقدمہ کی تفتیش بھی اپنی نگرانی میں کرانے اور پولیس کی غفلت اور مدعی مقدمہ سے تعاون نہ کرنے پر انکوائری کے بعد ذمہ داروں کو سزا دے کر ایک ہفتے میں رپورٹ بھجوانے کا حکم دیا۔ تھانہ صدر حاصل پورکے سکول کے ہیڈ ماسٹر طارق کی سولر پینل کی چوری کی درخواست پر مقدمہ کے اندراج میں تاخیر پر ایس ایچ او صدر حاصل پور کو معطل اور ڈی ایس پی کو شوکاز نوٹس دیتے ہوئے آر پی او بہاولپور کو کہا کہ ڈکیتی، چوری اور رابری کی اگر کوئی زیر التوا درخواستیں ہیں تو ان پر فوری فوری مقدمات درج کرواتے ہوئے ذمہ داروں کا تعین کر کے ان کیخلاف محکمانہ کاروائی کی رپورٹ جلد آئی جی آفس بھجوا ئی جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں شہریوں کو پولیس سروسز کی فوری فراہمی اورپولیس سسٹم کی شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے سنگین اور اہم شکایات کے ازالے کیلئے 1787سنٹر میں شہریوں کی کالز روزانہ خود سنوں گا۔ یہ بات ذہن نشین کر لی جائے کہ شہریوں کے مسائل سو فیصد میرٹ پر حل کیے جائیں گے اور اختیارات سے تجاوز،فرائض میں غفلت اور شہریوں کے مسائل کے حل میں دلچسپی نہ لینے والے افسران و اہلکارنہ صرف خود کو محکمانہ کاروائی کیلئے تیار رکھیں بلکہ ایسے افسران و اہلکار فیلڈ پوسٹنگ پر رہنے کا قطعی حق نہیں رکھتے۔ کمپلینٹ سنٹر کا بنیادی مقصد ہی شہریوں کو فوری ریلیف دینا ہے لہذا جو افسر یا اہلکار 1787سے بھجوائی گئی شکایات پر ایکشن میں تاخیر کا مظاہرہ کریگاوہ خود کو سخت محکمانہ احتساب کیلئے تیار رکھے۔ انہوںنے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ موثر سپرویژن سے 1787کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنانے کیساتھ ساتھ شہریوں کی شکایات پر فوری ایکشن اور ازالے کو یقینی بنایا جائے۔ تمام شکایات کا اس وقت تک فالو اپ جاری رہے جب تک شکایت کنندہ مطمئن نہ ہو جائے۔ شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے آپ پر بہت بھاری ذمہ داری ہے اور یہ ذمہ داری بطریق احسن نبھا کر آپ دنیا و آخرت دونوں سنوار سکتے ہیں لہذا شہریوں کو فوری ریلیف کی فراہمی میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔اس موقع پرڈی آئی جی آئی اے بی، محمد امین بخاری، اے آئی جی انسپکشن، شعیب خرم جانباز اور اے آئی جی کمپلینٹس، شاکر احمد شاہد سمیت دیگر افسران موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن