شہریوں کی داد رسی میںغفلت پر ایس ایچ اوز کیخلاف کارروائی ہوگی : سی سی پی او
لاہور(نامہ نگار) سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ ٹینٹ رجسٹریشن سسٹم کے تحت جدید ٹیکنالوجی مدد سے کرایہ داروں، نجی ملازمین، مسافروں اور دیگر متعلقہ افراد کے پولیس ریکارڈ اندراج میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ٹیننٹ رجسٹریشن سسٹم اور سمارٹ آئی ایپ سے ڈیٹا انٹری اور موثر چیکنگ کے نتیجے میں اشتہاری ملزمان کی گرفتاری میں بھی بے حد مدد ملی ہے۔جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لاکر سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری ملزمان کیخلاف گھیرا تنگ کیا جارہا ہے۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق ٹیننٹ رجسٹریشن سسٹم کے تحت امسال متعلقہ افراد کے پولیس ریکارڈ اندراج میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔رواں سال کے پہلے ماہ کے دوران 59 ہزار سے زائد کرایہ داروں جبکہ 18 سو نجی ملازمین کا اندراج کیا گیا۔سمارٹ آئی سوفٹ وئیر کے ذریعے 6 لاکھ 52 ہزار سے زائد افراد کا ریکارڈ چیک کیا گیا جبکہ سمارٹ آئی ایپ کے ذریعے 139 قانون شکن،جرائم پیشہ افراد اور اشتہاری مجرموں کو گرفتار کیا گیا۔ای پولیس چیک پوسٹوں پر سمارٹ آئی ایپ کے ذریعے 1 لاکھ سے زائد اشخاص جبکہ 10 ہزار 500 سے زائد گاڑیوں کو چیک کیا گیا۔چیکنگ کے دوران 1013 قانون شکن،جرائم پیشہ عناصر اور اشتہاری مجرم گرفتار جبکہ 104چوری شدہ گاڑیاں بھی پکڑی گئیں۔رواں سال سمارٹ آئی ایپ کے ذریعے 2210 ہوٹلز، گیسٹ ہاوسز، ہاسٹلز اور فیکٹریوں کی چیکنگ عمل میں لائی گئی۔سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اشتہاری و عادی مجرمان کی گرفتاری میں بے حد مدد ملی ہے۔ ٹی آر ایس کے تحت کرایہ داروں اور نجی ملازمین کی رجسٹریشن مزید بہتر بنائیں۔ ایس ایچ اوز شہریوں کی شکایات کی شنوائی اور داد رسی کیلئے مقررہ اوقات میں تھانوں میں لازمی بیٹھیں۔ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز متعلقہ ایس ایچ اوز کی ڈیلی مانیٹرنگ رپورٹ مرتب کریں۔ مقررہ اوقات میں شہریوں کی داد رسی میں غفلت پر ایس ایچ اوز کے خلاف کاروائی ہو گی۔