• news

سابق اولمپئین مینجر،قومی ہاکی ٹیم خواجہ جنید پر تا حیات پابندی


لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سابق اولمپیئن و منیجر قومی ہاکی ٹیم خواجہ جنید پر تاحیات پابندی لگا دی۔خواجہ جنید ایشیاکپ کے دوران پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر تھے، ایشیا کپ میں جاپان کے خلاف میچ میں 12 کھلاڑیوں کو فیلڈ میں اتارنے کا واقع پیش آیا تھا، پاکستان گول ڈسکوالیفائی ہونے کی وجہ سے ورلڈکپ میں کوالیفائی نہ کرسکا تھا۔سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن سید حیدر حسین نے کہا ہے کہ واقعہ کے بعد سابق سیکرٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ نے معاملے کی انکوائری کیلئے کمیٹی تشکیل دی تھی، خواجہ جنید نے انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہونے سے قبل ہی استعفیٰ پیش کر دیا تھا۔بعد ازاں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری حیدر حسین نے دوبارہ کمیٹی کی رپورٹ طلب کی ،کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں اولمپیئن خواجہ جنید پر تاحیات پابندی لگائی گئی۔پی ایچ ایف کے لیگل ایڈوائزر میاں علی اشفاق نے کہاہے کہ خواجہ جنید کی وجہ سے بہت جگ ہنسائی ہوئی، مس کنڈکٹ کیا گیاجس کی وجہ سے پاکستان ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی نہ کر سکا۔ خواجہ جنید پر ایف آئی ایچ کے قوانین کے مطابق کارروائی کی گئی ہے، کمیٹی نے خواجہ جنید کو بلایا لیکن وہ نہیں آئے جس کے بعد خواجہ جنید پر تاحیات پابندی لگا دی گئی ہے۔پی ایچ ایف کے صدر نے پابندی کی منظوری دےدی ہے، تاحیات پابندی کے باعث خواجہ جنید ہاکی کی کسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔جاپان کے خلاف میچ میں 12 کھلاڑیوں کو کھلانے کا معاملہ سنجیدہ تھا، کمیٹی میں خواجہ جنید پیش نہ ہوئے انہوں نے واٹس ایپ کے ذریعے بتایا وہ ذمہ دار نہیں ہیں۔ایف آئی ایچ کے قوانین کے مطابق تمام معاملات کاذمہ دارمنیجرہوتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن