• news

مریم کے چیف آرگنائزر بننے پر شہباز شریف کو استعفیٰ بھیج دیا: شاہد خاقان


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) رہنما مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ مریم نواز کے چیف آرگنائزر بننے پر شہباز شریف کو استعفیٰ بھیج دیا تھا۔ شہباز شریف ہی استعفے سے متعلق اعلان  کریں گے۔ میں پارٹی سے ناراض نہیں ہوں۔ مسلم لیگ ن میں 35 سال سے ہوں، یہ میرا گھر ہے۔ پارٹی میں کوئی عہدہ قبول نہیں کروں گا۔ الیکشن ن لیگ کے ٹکٹ پر ہی لڑوں گا۔ میرا عہدے پر رہنا مریم نواز کیلئے رکاوٹ ہوتا۔ میاں نواز شریف کی نااہلی میں 5 کے ٹولے کا کردار حقیقت ہے۔ جنرل (ر) راحیل شریف کو توسیع نہ دینے پر اسٹیبلشمنٹ نواز شریف کے خلاف ہوئی۔ مفتاح اسماعیل اپنی جگہ پر بالکل ٹھیک کام کر رہے تھے۔ مفتاح اسماعیل نے جو مشکل فیصلے کرنے تھے وہ کر دیئے۔ اسحاق ڈار کو مزید استحکام لانے کیلئے لایا گیا۔ پاکستان کو پیسے دینے سے کسی نے ہاتھ نہیں کھینچا۔ موجودہ حکومت بھی منتخب ہے جو اپنی مدت پوری کرے گی جس کے بعد الیکشن ہو جائیں گے۔ عمران خان کی کابینہ بھی موجودہ حکومت کے برابر ہی تھی۔ عمران خان کی کابینہ کا کام مخالفوں کو گالیاں دینا تھا۔ پی ٹی آئی میں 5 افراد کا ٹولہ صرف گالیاں دینے پر مامور تھا۔ فواد چودھری کے ساتھ رویئے کو مناسب نہیں سمجھتا۔ نواز شریف کو تاحیات نااہل کہا جا سکتا ہے تو عمران خان کو کیوں نہیں۔ اسمبلیاں تحلیل کرنے والے کو سوچنا چاہئے تھا میں کیا کر رہا ہوں۔ مریم نواز کو اوپن فیلڈ ملنی چاہئے۔ انہیں عہدہ دینے پر کوئی اعتراض نہیں۔ ایسے معاملات میں مشاورت ہو جائے تو بہتر ہے۔

ای پیپر-دی نیشن