محمد زبیر نے شاہد خاقان کے استعفیٰ کی تصدیق کر دی: کہیں نہیں جا رہے: احسن اقبال
اسلام آباد (خبر نگار) سابق وزیراعظم مسلم لیگ (ن)کے نائب صدر شاہد خاقان عباسی کی پارٹی عہدے سے استعفیٰ کی خبریں، ن لیگی قائدین بھی اختلاف رائے کا شکار، ترجمان مریم نواز محمد زبیر نے استعفیٰ کی تصدیق جبکہ پارٹی کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا شاہد خاقان پارٹی کا حصہ ہیں کہیں نہیں جا رہے۔ سابق وزیراعظم کے ترجمان نے بھی استعفیٰ کی تردید کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم کی جانب سے عہدہ چھوڑنے سے متعلق استعفیٰ وزیراعظم میاں شہباز شریف کو ارسال کردیا گیا ہے۔ تاہم ان کا استعفیٰ تاحال منظور نہیں کیا گیا ہے۔ دونوں کی جلد ملاقات کا بھی امکان ہے۔ وزیراعظم پارٹی کی سینئر قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔ احسن اقبال نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی پارٹی کا حصہ ہیں وہ کہیں نہیں جا رہے۔ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف ہیں پارٹی میں تقسیم کی باتیں 20 سالوں سے کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ میں اختلافات ہوسکتے ہیں، شاہد خاقان عباسی کے جانے کی باتیں کرنے والوں کو مایوسی ہو گی۔