• news

میرے عہدے پر بڑی با تیں ، موروثیت کی تکلیف ہو رہی ، سا ری حکومتیں تمہاری ، الزام شہباز شریف پر ، شرم کرو: مریم نواز 


بہاولپور‘لاہور (نامہ نگار+  بیورو رپورٹ +نیوز رپورٹر) مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدہ کرکے پاکستان کو گروی رکھ دیا۔ ملک کے پاس اب نواز شریف اور (ن) لیگ کے سوا کوئی چوائس نہیں۔ بہاولپور میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا تھا کہ میرے عہدے کی باتیں ہو رہی ہیں، میں عہدوں کی محتاج نہیں ہوں، عوام کی محبت سرمایہ ہے، عوام کی محبت کو موروثیت نہیں جمہوریت کہتے ہیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کے چار سالہ جبر کے دور میں (ن) لیگی کارکنوں نے وفا نبھائی۔ جن حالات سے ملک گزرا، شکر کرنا چاہئے کہ پاکستان بچ گیا۔ عمران خان نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے سخت معاہدہ کرکے وعدہ خلافی کی۔ عمران خان کے آئی ایم ایف سے معاہدے  توڑنے کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے۔ پٹرول، ڈیزل مہنگا کرنے کے پیچھے عمران خان کے آئی ایم ایف سے معاہدے ہیں۔ عمران خان نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کرکے پاکستان کو گروی رکھ دیا۔ معاہدہ بہت برا کیا، کرسی جاتی نظر آئی تو معاہدے کی خلاف ورزی کرکے چلے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ افواج نے جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردی سے ملک کی جان چھڑا دی تھی۔ پشاور میں اب یہ دہشت گردی کا واقعہ کیوں ہوا؟۔  پورے ملک میں حکومتیں عمران خان کی اور الزام شہباز شریف پر، شرم کرو۔ امریکا پر الزام لگایا اور اب امریکا سے معافی مانگ لی۔ اگر نواز شریف ہی مسائل کی وجہ تھے تو چار سال میں پھر دودھ کی نہریں بہنی چاہئیں تھیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ ن لیگ کیلئے بڑا آسان تھا کہ ہم الیکشن میں چلے جاتے، اس وقت اگر ہم الیکشن میں چلے جاتے تو دو تہائی اکثریت سے جیت کر آتے۔ مریم نواز نے کہا کہ جب سے اقتدار سنبھالا مخالفین نے سمجھ لیا کہ ن لیگ چپ ہے اور دب گئی ہے‘ تم نے میدان کے جتنے چکر لگانے تھے لگا لئے اب مسلم لیگ ن کی باری ہے۔ مسلم لیگ (ن) نہ تو کبھی کمزور ہوئی اور نہ ہی دبی ہے۔ دریں اثناء مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی ہماری پارٹی کا اثاثہ ہیں اور ان سے جلد ملاقات کروں گی۔ مشاورتی اجلاس پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہوا جس کی صدارت مریم نواز نے کی۔ اجلاس میں مریم نواز کی تنظیمی دوروں کے حوالے سے مشاورت اور شاہد خاقان عباسی کے پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے کی خبر گونجتی رہی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق مریم نواز نے پارٹی رہنماؤں کو شاہد خاقان عباسی کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔ اجلاس میں لیگی رہنما محمد زبیر‘ انوشہ رحمان‘ عظمیٰ بخاری‘ ملک احمد خان‘ طلال چودھری‘ عابد شیر علی‘ میاں جاوید لطیف سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔  کنونشن سے وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ نے بھی خطاب کیا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مریم نواز کا جمہوری جدوجہد میں ایک لمبا سفر ہے، آج وہ جدوجہد کا آغاز کرنے جا رہی ہیں، کارکن یونین کونسل کی سطح پر اپنے فرائض کو پورا کریں۔ الیکشن اکتوبر میں ہوں یا پہلے جب بھی ہوں عمران خان کو ووٹ کی طاقت سے مائنس کرنا ہوگا، ورنہ یہ ملک کو کسی حادثے سے دوچار کر دے گا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان اپنی مقبولیت کے جھوٹے دعوے کر رہا ہے، کہتا تھا اسلام آباد سمندر لیکر آؤں گا، ذلیل ہو کر واپس آیا تھا، کارکن لوگوں کو سمجھائیں مہنگائی اور مشکل وقت نواز شریف کے خلاف سازش کرنے کی وجہ سے ہے، یہ شخص فتنہ اور فساد ہے، یہ کہتا ہے مخالفین کے ساتھ نہیں بیٹھوں گا۔ مریم نواز سے قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر زوئی وئیر (Zoe Ware)  کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قائم مقام ہائی کمشنر زوئی وئیر نے پشاور پولیس لائنز مسجد میں دہشت گرد حملے اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے کہا پاکستان کے عوام سے یک جہتی کرتے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ پشاور واقعہ بڑا سانحہ ہے، ہر دل مغموم ہے۔ دہشت گردی مشترکہ خطرہ ہے۔ مشترکہ کوششوں سے ہی اس کا خاتمہ ممکن ہوگا۔ ہائی کمشنر نے پارٹی کے سینئر نائب صدر کے عہدے پر تقرری پر مریم نواز کو مبارک بھی دی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ مریم نواز نے قائم مقام ہائی کمشنر کی آمد اور نیک تمنائوں کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔دریں اثناء مریم نواز نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ میرے عہدے کی بڑی بات ہو رہی ہے۔ یہ عہدے تو ایک دو ہفتے پہلے ملے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 5کے ٹولے سے ملک کو بچانا ن لیگ کی ذمے داریہے۔کسی عہدے کی محتاج نہیں ہوں۔ کھسیانی بلی کھمبا نوچے۔ موروثیت کی لوگوں کو بڑی تکلیف ہو رہی ہے۔ عوام کی آواز اور محبت کو موروثیت نہیں جمہوریت کہتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن