• news

عوام آئی ایم ایف کی شرائط پر قربانی دینے کو تیار نہیں، امیر العظیم 


لاہور(خصوصی نامہ نگار)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی آئی ایم ایف کی شرائط کو حکومت کی جانب سے قانونی تحفظ فراہم کرنے کی کسی بھی مہم جوئی کی بھرپور مزاحمت کرے گی، قانون سازوں کے گھروں، دفاتر کا گھیرائو اور عالمی مالیاتی ادارے کے وفد کی قیام گاہوں کے باہر مظاہرے ہوں گے۔ غریب عوام آئی ایم ایف کی شرائط پر مزید کسی قربانی دینے کو تیار نہیں۔ جماعت اسلامی 10 فروری سے تین روزہ لاہور سے اسلام آباد مہنگائی مارچ کا آغاز کررہی ہے جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی سراج الحق کریں گے۔ یہ حکومت آئی نہیں لائی گئی جو اپنی حرکتوں سے حق حکمرانی کھو چکی، پورے ملک میں الیکشن کروائے جائیں۔ موجودہ حکومت ختم نہ ہوئی تو ملک میں صرف ایلیٹ کلاس ہی بچے گی۔ منصورہ میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے ’’گوادر کو حق دو تحریک‘‘ کے رہنما مولانا ہدایت الرحمن اور ان کے ساتھیوں پر مقدمات کی واپسی، رہائی اور گوادر کے عوام کے مکمل حقوق کی بحالی کا مطالبہ کیا اور اعلان کیا کہ مہنگائی مارچ کا دوسرا ایجنڈا گوادر کے عوام کے حقوق کا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن