• news

پاکستان سپر لیگ،نمائشی میچ کے سکواڈز فائنل


لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان 5فرری کو ہونے والے نمائشی میچ کے حوالے سے سکواڈز کو حتمی شکل دیدی گئی۔ذرائع کے مطابق نمائشی میچ کیلئے بابراعظم پشاور زلمی کی اور سرفراز احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی کریں گے، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں دیگر فرنچائزز کے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔پشاور زلمی کے سکواڈ میں وہاب ریاض، شاہد آفریدی، حسیب اللہ، دانش عزیز ، محمد حارث، اعظم خان، حیدرعلی، عامر ممال اور اسامہ میر شامل ہیں۔ صفیان مقیم، سلمان ارشاد، صائم ایوب اور عثمان قادر بھی نمائشی میچ میں پشاورزلمی کی نمائندگی کریں گے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سکواڈ میں عمراکمل، بسم اللہ خان، سعودشکیل، احسن علی، نسیم شاہ، افتخار احمد، محمد نواز، محمد حسنین، خوشدل شاہ، عبدالواحد بنگلزائی، عمیدآصف، عمیربن یوسف اور اعمل خان شامل ہیں۔ نمائشی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے معین خان اور پشاورزلمی کیلئے کامران اکمل ہیڈکوچ ہوں گے، انضمام الحق پشاورزلمی کے ڈگ آئوٹ میں بطور مینٹور دکھائی دیں گے۔بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں چند کھلاڑیوں کی شمولیت کے باعث دونوں فرنچائز کے سکواڈز 14، 14ممبران پر مشتمل ہے۔ کمشنر لاہور چوہدری محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت  پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس ہوا ۔ کمشنر نے کہا کہ پی ایس ایل 8کے لاہور میں 9میچز کھیلے جائیں گے جو  قذافی سٹیڈیم میں ہونگے اور میچز رات کے ہونگے۔سکیورٹی انتظامات کیلئے قریبا ساڑھے سات ہزار پولیس اہلکار فرائض سرانجام دینگے۔ مرکزی کنٹرول روم قذافی میں ہوگا، اضافی 396کیمرے لگیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن