پی ٹی آئی کا کرپشن سے متعلق بیانیہ تقریروں اور مشہوری تک محدود تھا،شیری رحمن
اسلام آباد (آئی ا ین پی ) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی اور سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کا کرپشن کے حوالے سے بیانیہ صرف تقریروں اور مشہوری تک محدود تھا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ عالمی ادارے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن پرسیپشن انڈیکس رپورٹ 2022 تحریک انصاف کے بیانیہ کے تابوت میں آخری کیل ہے، ان کے چار سالہ دور حکومت میں کرپشن کم نہیں بلکہ مسلسل بڑھتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت سے پہلے پاکستان کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں 117ویں نمبر پر تھا، عمران خان کے اقتدار کے دوران پاکستان 2019 میں 120ویں، 2020 میں 124ویں اور 2021 میں 140ویں نمبر پر آگیا، تحریک انصاف کے بدترین دور اقتدار کی وجہ سے پاکستان اس فہرست میں 140ویں نمبر پر پہنچ گیا۔ رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ان کی کرپشن کی وجہ سے پاکستان کرپشن انڈیکس میں مجموعی طور پر 23 درجے اوپر چلا گیا، انہوں نے مخالفین پر جھوٹے کیسز بنائے جبکہ خود میگا کرپشن سکینڈلز میں ملوث رہے، اب عمران خان کہتا ہے کہ ان کے دور میں کوئی کرپشن اسکینڈل سامنے نہیں آیا۔