• news

سعودی عرب، گھر میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق


ریاض (این این آئی)سعودی عرب میں شمالی صوبہ قریات گورنری میں واقع گھر کے ایک کمرے میں منگل کی صبح آگ لگنے کے نتیجے میں ایک خاندان کے 3 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق الجوف النقیب میں ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس کے میڈیا ترجمان کیپٹن عبدالرحمن الضویحی نے بتایا کہ آج صبح 4 بجکر 54 منٹ پر القریات گورنری میں سیکورٹی گشت کرنے والوں کی جانب سے ایک رپورٹ موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ التشیلت محلے میں گرانڈ فلور پر مشتمل ایک گھر میں آگ بھڑک اٹھی ہے ۔ فوری طور پر ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ ہوگئیں اور گھر میں گھس کر آگ پر قابو پالیا۔انہوں نے مزید کہا آگ سے جھلسنے والے چار افراد کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا جن میں سے تین افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ۔ ایک کمر ے سے تین بچوں اور ایک شخص کی نعش برآمد ہوئی۔الضویحی نے اشارہ کیا کہ حادثے کے ابتدائی معائنے کے ذریعے پتہ چلا کہ آگ تقریبا 5.4 مربع میٹر کے گرانڈ فلور کے ایک کمرے میں لگی۔ یہ کمرہ بچوں کے سونے کے لیے استعمال ہوتا تھا۔حادثے کو ضروری کارروائی مکمل کرنے کے لیے الفیصلیہ تھانے کے حوالے کر دیا گیا۔کیپٹن الضویحی نے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور گھروں میں سموک ڈیٹیکٹر لگانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ای پیپر-دی نیشن