• news

آئین کی گولڈن جوبلی شایان شان منائی جائے گی: سپیکر قومی اسمبلی


اسلام آباد (نامہ نگار+ خبر نگار) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات شایان شان طریقے سے منانے کا اعلان کیا ہے ۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے آئین پاکستان کے 50 سال مکمل ہونے پر مہینہ بھر شاندار تقریبات کے انعقاد کا اعلان کیا ہے اور اس حوالے سے سینیٹر رضا ربانی کی سربراہی میں ایک 14 رکنی ایڈوائزری کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جو ان تقریبات کے حوالے سے تمام انتظامات کی نگرانی کرے گی۔ ابتدائی طور پر یہ طے ہوا ہے کہ گولڈن جوبلی کی تقریبات کے موقع پر خصوصی طور پر تیار کردہ یادگار کا افتتاح کیا جائے گا۔ سکولوں اور کالجوں میں آئین پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے تقریری مقابلوں کا انعقاد کروایا جائے گا۔ ایک بین الاقوامی آئینی کنونشن منعقد کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ خبر نگار کے مطابق چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے سینٹ گولڈن جوبلی تقریبات کے حوالے سے ایوان بالا میں پارلیمانی رہنماں پر مشتمل ایک اہم کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی ہے‘ اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین سینٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینٹ سینیٹر اسحاق ڈار، قائد حزب اختلاف سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم، سینیٹرز سلیم مانڈوی والا، اعظم نذیر تارڑ، انوار الحق کاکڑ، مشتاق احمد، سردار محمد شفیق ترین، حاجی ہدایت اللہ، مولانا عبدالغفور حیدری، دلاور خان اور سیکرٹری سینٹ محمد قاسم صمد خان نے شرکت کی۔ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے سینٹ آف پاکستان کے قیام کی گولڈن جوبلی منانے کے حوالے سے منعقد ہونے والی خصوصی تقریبات کے بارے میں پارلیمانی رہنماؤں سے تفصیلی مشاورت کی۔ چیئرمین سینٹ نے تجویز دی کہ سینٹ کی گولڈن جوبلی تقریبات جو کہ ملک بھر میں بھر پور جوش و جذبے کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا تھا کو ملک کے معاشی حالات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے محدود کیا جائے تا کہ ان تقریبات کے انعقاد پر آنے والے اخراجات کو حتی لامکان کم سے کم کیا جائے۔ تجویز کو سراہتے ہوئے اتفاق کیا گیا کہ صرف وفاقی دارلحکومت میں مختصر اور پر وقار تقریب کا انعقاد کیاجائے۔ اس سلسلے میں 15سے 17مارچ 2023 تک ایوان بالا کا خصوصی اجلاس پارلیمنٹ ہاس اسلام آباد میں طلب کیا جائے گا۔ جس میں تمام اراکین سینٹ کو اپنے اظہار خیال پیش کرنے کا بھر پور موقع دیا جائے۔ 

ای پیپر-دی نیشن