مفت اور معیاری علاج ہر نا دار مریض کا حق : محسن نقوی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پی کے ایل آئی کو اس کے بنیادی مقاصد کے مطابق بحال کیا جائے گا۔ مفت اور معیاری علاج گردے اور جگر کے ہر نادار مریض کا حق ہے۔ پی کے ایل آئی میں کڈنی اور لیور کے امراض کا معیاری علاج میسر ہوگا۔ پاکستان بھر میں پی کے ایل آئی اپنی نوعیت کا واحد منفرد ہسپتال ہے۔ محسن نقوی کو پی کے ایل آئی کی کارکردگی اور امور کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ علاوہ ازیں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں پیشنٹ آڈٹ ہوگا۔ پیشنٹ آڈٹ کے ذریعے مریضوں کی صحت کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ صحتمند مریضوں کی گھروں میں واپسی کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ نگران وزیراعلیٰ نے پیشنٹ آڈٹ کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ پیشنٹ آڈٹ کا کام جتنی جلدی ہو سکے مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ صحت یاب مریضوں کی گھروں میں واپسی ایک سماجی ذمہ داری ہے۔ صحت مند مریضوں کو دیگر مریضوں کے ساتھ رکھنا کسی طور مناسب نہیں۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کے حالیہ وزٹ کے دوران صحت یاب مریضوں نے گھر بھجوانے کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کے بورڈ کو بھی از سر نو تشکیل دیا جائے گا اور ادارے کے معاملات کو بہتر کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کے امور اور صحت یاب مریضوں کو گھروں میں بھجوانے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔