گرانفروشی عروج پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس قیمتوں پر عملدرآمد کرانے میں نا کام
لاہور (محمد علی جٹ) گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی پر قابو پانے کے لیے تعینات پرائس کنٹرول مجسٹریٹس (پی سی ایم) سرکاری قیمتوں پر عملددرآمد کروانے میں ناکام ہوگئے۔ مہنگائی کے سیلاب میں ڈوبی عوام ناقص کارکردگی کے باعث گراں فروشوں کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور ہو چکی ہے۔ صوبائی درالحکومت میں تعینات پرائس کنٹرول مجسٹریٹس (پی سی ایم) کی تعداد 87 ہے جن میں زیادہ تر افسر صرف دفاترز میں بیٹھ کرکاغذی کارروائیوں میں سب اچھا کی رپورٹ کرتے ہوئے نظرآتے ہیں۔ روزنامہ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں کاکہنا ہے کہ ایک تو پہلے ہی روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی نے کمر توڑ رکھی ہے اور اس پر ضلعی انتظامیہ کی نااہلی اور افسروں کی ہٹ دھرمی کے باعث شہر بھر میں گراں فروشی کا سلسلہ جاری ہے۔ گھی، آٹا، چاول، گوشت سمیت دیگر اشیائے خوردونوش سرکاری قیمتوں کے برعکس منہ مانگے داموں پر فروخت ہو رہی ہیں۔ جس میں پی سی ایم کا سٹاف پوری طرح ملوث ہے جو فیلڈ میں نہ جانے والے پی سی ایم افسران کا نام استعمال کر کے دکان داروں کو لوٹتے ہیں۔ جس کا خمیازہ عام صارف کو بھگتنا پڑتا ہے۔
گرانفروشی