• news

پاک چین زراعت تعاون : چینی پھل ’’ کیوی ‘‘ کی پاکستان میں کاشت متعارف


لاہور( نیوز رپورٹر)پاک چین زراعت تعاون کے تحت چین کے مشہور پھل ’’ کیوی ‘‘ کی پاکستان میں کاشت متعارف کروائی گئی ہے ۔ چین کے کیوی پھل کی پیداواری صلاحیتوں سے پاکستان کی زراعت کو فائدہ پہنچے گا اور کسانوں کی معاشی حالت بہتر ہو گی ۔ چین میں کیوی کے پھل کی کاشت سے چینی کسانوںکوغربت سے نجات حاصل کرنے میں مدد ملی۔ پاکستانی کسان بھی کیوی پھل کی پیداوار کو غربت کے خاتمے کا ماڈل بنا سکتے ہیں۔ پی اے آر سی ِاین ٹی ایچ آر آئی شنکیاری کے سائنسی افسر نوید احمد نے بتایا کہ ہم نے چین سے کیوی کے پودے درآمد کیے اور خیبر پی کے ، اسلام آباد کے ساتھ ساتھ پنجاب کے مختلف علاقوں میں اس کے تجربات کئے جس میں خیبر پی کے کے ضلع مانسہرہ کے علاقے میں اس کا نتیجہ انتہائی شاندار رہا ہے ۔ بین الاقوامی سطح پر کیوی کو فی پودا 30 سے 35 کلوگرام پھل دیتا ہے جبکہ پاکستانی میں کیوی کے پودے سے اوسطاً40 سے 45 کلوگرام پھل حاصل ہوا ہے ۔ کچھ پودوں نے تو فی پودا 100 کلو پھل بھی دیا ہے جو حیران کن ہے ۔اس سے یہ نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ پاکستان میںکیوی پھل کو تجارتی بنیادوںپر فروغ دیا جا سکتا ہے ۔ نقد آوور اور منافع بخش پھل ہے جس کے ذریعے زیادہ پاکستانی کسانوں کو غربت سے نکالنے میں مدد مل سکتی ہے ۔نوید احمد نے کہا کہ ہمیں لوگوں میں شعور پھیلانا چاہیے اور لوگوں کو کیوی پھل اگانے کی ترغیب دینی چاہیے کیونکہ اس پھل کی مانگ کو دیکھتے ہوئے یہ مستقبل قریب میں سب سے مہنگا پھل ثابت ہوگا۔ پی اے آر سی کے چیئرمین ڈاکٹر غلام محمد علی نے گلگت  بلتستان کے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اس سال کیوی پھل کی تحقیق پر توجہ دیں۔کیوی کا آبائی وطن چین ہے جہاں کیوی کے پودے لگانے کا علاقہ اور پیداوار دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔ 
کیوی کے پھل کی وجہ سے بہت سے لوگ غربت سے باہر نکل آئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن