• news

کاشتکاروں کیلئے جو ہو سکا کرینگے ، محسن نقوی : ٹاسک فورس بنانے کی منظوری 


لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مشکلات کا شکار پنجاب کے کاشتکاروں اور کسانوں کے مسائل کے فوری حل کی خاطر ہنگامی بنیادوں پر انقلابی فیصلوں کا اعلان کیا ہے۔ محسن نقوی نے پروگریسو فارمرز کے50رکنی وفد سے بریفنگ لی۔ تفصیلی ملاقات کی اور کاٹن، گندم،گنا، مکئی اور دیگرفصلوں کی بہتر پیداوار کے لئے تجاویز پیش کیں۔ لائیوسٹاک اور فش فارمرز نے مسائل اور سفارشات بیان کیں۔ملاقات میں زرعی اجناس،لائیوسٹاک اور فش کی زیادہ پیداوار کے لئے موثر اقدامات کرنے اور ریسرچ کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ گوہر اعجاز نے اپٹما فاؤنڈیشن کی طرف سے کاٹن کی کاشت بڑھانے کے لئے ریسرچ کی خاطر 100کروڑ روپے کے فنڈ کے قیام کا اعلان کیا۔محسن نقوی نے زرعی شعبہ کی بہتری،پیداوار میں اضافے اور مارکیٹ تک آسان رسائی کے لئے ٹاسک فورس کے قیام کی منظوری دی۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی ٹاسک فورس کے چیئرمین ہوں گے۔ ٹاسک فورس 7روز میں زرعی پیداوار میں اضافے،نئے بیجوں کے استعمال، مارکیٹ تک آسان رسائی اور دیگر امور کے بارے میں سفارشات پیش کرے گی۔ محسن نقوی نے کہاکہ ٹاسک فورس کی سفارشات کی روشنی میں فی الفور فیصلے کئے جائیں گے۔ محسن نقوی نے تمام وزراء کو ڈویژن کی سطح پر کاشتکارو ں کے ساتھ ملاقات کا ٹاسک دیا۔ صوبائی وزراء کمشنرز کے ساتھ مل کر کاشتکاروں کے مسائل سنیں گے اور ان کے حل کے لئے ضروری اقدامات کریں گے۔ اپٹما فاؤنڈیشن زرعی یونیورسٹیوں میں کاٹن اوردیگر فصلوں کے بہتر بیج پر ریسرچ کے لئے فنڈنگ کرے گی۔ نگران وزیراعلیٰ نے کھاد کی فراہمی یقینی بنانے اور بلیک مارکیٹنگ روکنے کے لئے موثر اقدامات کی ہدایت کی جبکہ ٹیوب ویل کے بجلی بل میں جی ایس ٹی پر سبسڈی بحال کرنے کے لئے وفاقی حکومت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لمپی سکن ویکسی نیشن مہم تیز کرنے کی ہدایت کی اور فش فارمرزکے مسائل حل کرنے کے لئے تجاویز مرتب کرنے کا حکم دیا۔ لاہور میں فش مارکیٹ منتقل کرنے کے لئے قابل عمل اقدامات کا جائزہ  لیا گیا۔ محسن نقوی نے صوبہ بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپور طریقے سے منانے کی ہدایت  کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز، اضلاع اور تحصیلوں میں یوم یکجہتی کشمیر کے اجتماعات ہوں گے اور کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے شہر شہر ریلیاں نکالی جائیں گی۔ اپنے پیغام میں نگران وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ نہتے کشمیریوں کی عظیم جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔ بھارت کشمیریوں پر ظلم کر رہا ہے، روزانہ ماؤں کے بیٹے مارے جا رہے ہیں، خواتین کی عصمت دری اور ہراساں کیا جاتا ہے۔ بھارت نے کشمیری بہن بھائیوں کے بنیادی حقوق سلب کئے ہوئے ہیں۔کشمیری عوام کے ساتھ بھارت کے روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن