مریم نواز عوامی خدمت کیلئے میدان میں اتر چکی ہیں: مبشر اقبال
`
کاہنہ (نامہ نگار) مسلم لیگ ن کے سینئر مرکزی رہنما رکن قومی اسمبلی و معاون خصوصی وزیر اعظم پاکستان رانا مبشر اقبال نے کہا ہے کہ مریم نواز اپنے والد پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوامی خدمت کیلئے میدان میں اتر چکی ہیں جن کی قیادت میں پارٹی روز بروز مضبوط اور مربوط و فعال ہورہی ہے۔
آئندہ عام انتخابات میں نواز لیگ بھاری اکثریت سے فتح یاب ہوگی جس کی خاطر پارٹی رہنما اور کارکنان محترمہ مریم نواز کی قیادت میں سرگرم عمل ہیں،مریم نواز نے پاکستان کی سیاست میں موجودہ مقام طویل جدوجہد اور قربانیوں سے حاصل کیا، مریم نواز کو پارٹی قائد نوازشریف کی پرچھائی سمجھا جاتا ہے، مریم اپنے والد کی طرح قول و فعل پر ثابت قدم رہنے والے بہادر خاتون ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم عملی طور پر میدان میں اتر چکے ہیں، الیکشن جب بھی ہوں گے مسلم لیگ (ن) کلین سویپ کرے گی،انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے ڈیفالٹ کرنے کی امید لگائے بیٹھے ہیں لیکن بہت جلد ان کی ساری امیدوں پر اوس پڑنے والی ہے۔