• news

 شازیہ مری کی  ورلڈ بینک میں سماجی تحفظ اور ملازمتوں کے عالمی ڈائریکٹر سے ملاقات 


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ و چیئرپرسن بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے واشنگٹن ڈی سی میں ورلڈ بینک میں سماجی تحفظ اور ملازمتوں کے عالمی ڈائریکٹر میکائل رتکوسکی سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر عالمی بنک کی دعوت پر امریکہ کا دورہ رہی ہیں تاکہ سماجی تحفظ سے متعلق پاکستان کے تجربات سے آگاہ کیا جا سکے۔ ڈائریکٹر رتکوسکی نے بی آئی ایس پی اور دیگر اداروں کی جانب سے گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب کے دوران حکومت پاکستان کے تیز، بھرپور اور مثالی ردعمل کو سراہا۔ انہوں نے خاص طور پر سیلاب کے بعد پاکستانی آبادی کے سب سے زیادہ کمزور طبقوں کی روزی روٹی کے تحفظ میں بی آئی ایس پی کے بروقت کردار کو بھی سراھا۔ ڈائریکٹر رتکوسکی نے بی آئی ایس پی کی ایک کامیاب ماڈل کے طور پر تعریف کی اور کہا کہ اس سے خطے اور اس سے باہر کے دیگر ممالک بھی استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر شازیہ مری نے تباہ کن سیلاب کے دوران عالمی بینک کی جانب سے فوری ردعمل اور زبردست تعاون پر حکومت پاکستان کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کا آغاز 2010 میں کیا گیا تھا، اور اس کے بعد سے یہ پاکستان کے غریب ترین خاندانوں کی مالی معاونت کے حوالہ سے جانا جاتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں سماجی تحفظ کی حکمت عملی کے دائرہ کار اور وسعت کو مزید بڑھایا جائے گا اور تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور غذائیت کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی بینک کی تکنیکی معاونت پاکستان میں سماجی تحفظ کے پروگراموں کی زیادہ سے زیادہ رسائی اور کامیابی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ڈائریکٹر رتکوسکی نے وفاقی وزیر کو یقین دلایا کہ ورلڈ بینک اپنی سرگرمیوں کو وسیع اور پاکستان کے لیے اپنی مدد میں اضافہ کرے گا تاکہ بہتر نتائج حاصل کیے جاسکیں۔ اس موقع  شازیہ مری نے عالمی بینک کے گلوبل ڈائریکٹر کو بی آئی ایس پی کے مختلف پروگرامز پر مبنی ایک کتابچہ بھی پیش کیا۔ اس موقع پر ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن