امریکہ ہمارے اندرونی امور پر بات کرنے کا اہل نہیں: چین
`
بیجنگ (شہنوا + اے پی پی) چینی وزارتِ خارجہ کی ترجمان مانینگ نے کہا ہے امریکا چین کے اندرونی امور کے حوالے سے بات کرنے کا اہل نہیں۔ دوسرے ممالک کی خود مختاری کا احترام کرتے ہیں۔ چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق انہوں نے کہا کہ اس وقت سنکیانگ میں عوام مستحکم سماج، معاشی ترقی، قومیتی اتحاد اور مذہبی ہم آہنگی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بہتر سے بہتر زندگی گزار رہے ہیں۔ تاہم امریکانے ان حقائق کو نظر انداز کرتے ہوئے سنکیانگ سے متعلق غلط معلومات پھیلائی ہیں تاکہ چین پر پابندیاں عائد کرنے کی وجہ بنائی جاسکے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کو حقیقت کا احترام کرنے کی بنیاد پر انسانی حقوق، مذہب اور قومیت سمیت دیگر امور کو آلات کے طور پر استعمال کر کے چین کے اندرونی امور میں مداخلت بند کرنی چاہیے اور چین کی ترقی کا راستہ روکنے کی کوشش ترک کرنا چاہئے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن کا دورہ چین ملتوی کرنے کے امریکی اعلان پر ردعمل دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق، امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر حکام نے کہا کہ امریکی فضائی حدود میں چینی بغیر پائلٹ کے ہوائی جہاز کے داخل ہونے کی وجہ سے، بلنکن نے چین کا اپنا طے شدہ د ورہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔