ابتدائی 6اوورز میں فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں:فخر زمان،شرجیل خان
لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹر فخرزمان نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں ایک اوپنر کے طور پر میں ابتدائی چھ اوورز سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتا ہوں کیونکہ 30گز کے دائرے سے باہر دو فیلڈرز ہوتے ہیں جس کی وجہ سے خلا زیادہ ہوتاہے، میں پہلی ہی گیند سے بائونڈری لگانے کی کوشش کرتا ہوں اور سٹرائیک روٹیٹ کرکے اچھی گیندوں کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھاتا ہوں۔ قدرتی کھیل، ذہنیت اور ٹیم کی مانگ جیسے بہت سے عوامل ہیں جو ایک جارحانہ اوپنر کو تشکیل دیتے ہیں،میرے خیال میں اٹیکنگ ذہنیت کا ہونا انتہائی ضروری ہے۔ دوسری اننگز میں نقطہ نظر عام طور پر مختلف ہوتا ہے کیونکہ آپ ہدف کے پیچھے جا رہے ہوتے ہیں،اگر آپ چھوٹے ٹوٹل کا تعاقب کررہے ہیں تو آپ کے پاس ایڈجسٹ کرنے کا وقت ہے اور دبائو اتنا زیادہ نہیں ہوتالیکن اگر آپ کسی بڑے ٹوٹل کو حاصل کرنا چاہ رہے ہیں تو آپ کواٹیکنگ بیٹنگ کرنی پڑے گی۔ فخرزمان نے لاہور قلندرز کی ایچ بی ایل پی ایس ایل سیون کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ قومی کرکٹرشرجیل خان نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی میچ کا 70سے 80فیصد حصہ پہلے6اوورز کے انداز سے طے ہوتا ہے،انہوں نے گزشتہ سالوں میں سیکھا ہے کہ سب سے زیادہ بائونڈری رکھنے والی ٹیم میچ جیتی ہے، اس لیے وہ پہلے6اوورز میں تیز کھیلنے کی کوشش کرتاہیں۔ وہ اپنی ٹیم کیلئے ایک ٹھوس پلیٹ فارم تیار کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور اگر وہ پہلے چھ اوورز کے مکمل ہونے کے بعد بیٹنگ جاری رکھتے ہیں تو وہ اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ وہ اس رفتار کو برقرار رکھیں۔ یہ ضروری ہے کہ بنیادی باتوں کو نہ بھولیں اور حالات کا اندازہ لگانے کی کوشش کریں،اس لئے عام طور پروہ چار گیندیں یا ایک اوور لینے کی کوشش کرتے ہیں کیونکہ ہر دن نیا دن ہوتا ہے اور حالات مختلف ہوتے ہیں۔
چاہے وہ کسی سپنر کا سامنا کر یں یا پیسرکا، منصوبہ بندی ایک ہی ہوتی ہے، حالات کا جائزہ لیں اور پھر اٹیک کریں اور یہ اکثر ٹیم کیلئے بھی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔