پشاور دھماکہ: اہم پیشرفت‘ سب مل بیٹھیں‘ گورنر‘ دہشتگردوں کے خلاف ایکشن ہو گا‘ آئی جی
پشاور (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) پشاور دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے اور حملہ آور کی سہولت کار کے ساتھ تصویر مل گئی ہے۔ ادھر گورنر خیبر پی کے نے کہا ہے کہ صورتحال کے پیش نظر سب آپس میں مل بیٹیھں۔ آئی جی پولیس خیبر پی کے نے اپنے ٹی وی انٹرویو میں کہا ہے کہ اب دہشتگردوں کے خلاف ایکشن ہو گا۔ تفصیل کے مطابق پشاور کی پولیس لائن مسجد میں خود کش دھماکے کی تحقیقات میں کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور پولیس ٹیم نے اہم پیشرفت کی ہے۔ مبینہ حملہ آور کی رنگ روڈ پر موجودگی اور سہولت کار کے ساتھ تصویر سامنے آئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سہولت کار موٹر سائیکل چلا رہا ہے جبکہ حملہ آور پیچھے بیٹھا ہے۔ خودکش حملہ آور کو سہولت کار نے رنگ روڈ پر پہنچنے میں مدد فراہم کی۔ سہولت کار جمیل چوک سے آگے رنگ روڈ پر موٹر سائیکل سے اتر گیا۔ ادھر سکیورٹی کی نازک صورتحال کے باعث پشاور میں دفعہ 144 نافذ‘ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا‘ گورنر خیبرپختونخواغلام علی نے کہا کہ دھماکے کرنے والے چاہتے تھے کہ پولیس کا مورال گرے، یہ فورسز کو فورسز سے لڑانے کی کوشش تھی۔ پشاور دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کرنے کے بعد گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ سیاسی جماعتوں اور اداروں کی بیٹھک ہونی چاہیے، آئی جی خیبر پی کے معظم جاہ انصاری نے کہا ہے کہ اپیکس کمیٹی نے سمت کا تعین کر دیا۔ ریاست دہشت گردوں کے خلاف ایکشن لے گی۔ ضرورت پڑی تو اپنی شرائط پر بات ہو گی۔ افغان مہاجرین پالیسی پر نظرثانی ہو گی۔ افغانستان کو کہیں گے کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔ کابل سے سیاسی‘ فوجی اور مذہبی سطح پر بات ہو گی۔ ایک سوال پر کہا کہ دہشتگردوں کی رہائی کا کوئی علم نہیں۔ پشاور مسجد دھماکے میں قرآن پاک کے 30 نسخے بھی شہید ہوئے۔ خیبر پی کے میں فرانزک لیب کی سہولت نہیں‘ نمونہ جات پنجاب فرانزک لیب لاہور بھیجنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور سی ٹی ڈی کی استعداد کار کو بڑھایا جائے گا۔ بھتے کی کالز افغان واٹس ایپ نمبرز سے آئی ہیں۔ افغانستان سے کوئی معلومات چاہئے ہو گی تو باہمی قانونی معاونت ہو گی۔
پشاور دھماکہ