• news

کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم، دنیا کیلئے لمحہ فکریہ، اقوام متحدہ ناکام رہی: گورنر 


لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب  بلیغ الرحمن سے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب مبشر احمد خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کی فلاح وبہبود کے لیے اقدامات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ آئی جی جیل خانہ جات نے گورنر پنجاب کو قیدیوں کو دی گئی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی۔ اس مو قع پر گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا  قیدی بحیثیت انسان قانون کے مطابق بنیادی انسانی حقوق کے مستحق ہیں اورقیدیوں کی اصلاح پر خصوصی توجہ دیں تاکہ وہ رہائی کے بعد ایک اچھے انسان بن سکیں۔ آئی جی جیل خانہ جات پنجاب مبشر احمد خان نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ خواتین قیدیوں کے لیے لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی میں علیحدہ جیلیں بنا رہے ہیں اور ان جیلوں میں تمام سٹاف خواتین پر مشتمل ہو گا، نیزجیلوں میں خواتین قیدی کے بچوں کے لیے ڈے کیئر سینٹر بنا رہے ہیں۔ آئی جی کا کہنا تھا کہ اپنا واٹس ایپ نمبر پبلک کر دیا ہے تاکہ قیدیوں کے لواحقین اپنے مسائل کے حل کے لیے مجھ سے براہ راست رابطہ کر سکیں۔ آئی جی جیل خانہ جات نے گورنر پنجاب کو جیلوں کے دورے کی بھی دعوت دی۔ دریں اثنائ، گورنر پنجاب نے تمام پبلک سیکٹر اورپرائیوٹ سیکٹر جامعات کو ای روزگار سینٹرز قائم کرنے کے احکامات جاری کئے۔ اس ضمن میں گورنر پنجاب نے تمام سرکاری اور نجی جامعات کے وائس چانسلرز اور چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی کے چیئرمین کو مراسلہ جاری کر دیا۔ مراسلہ کے مطابق گورنر پنجاب نے جامعات کے وائس چانسلرز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، ورچوئل یونیورسٹی اور ایسے  جامعات جو ای روزگار سکیم کے تحت قائم کیے گئے ہیں اور مراکز کامیابی سے چل رہے ہیں، سے مشورہ کر کے اپنی اپنی جامعہ میں ای روزگار سینٹرز قائم کریں۔ مزید برآں گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن پوری قوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کر رہی ہے۔ زر قبضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم تمام دنیا کے لیے ایک لمحہ فکریہ ہیں۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ کی قراردادوں مسئلہ کشمیر کا حل کرانے میں ناکام رہی ہیں۔ بھارت اپنے تمام تر مظالم کے باوجود جان لے کہ کشمیریوں کی جدوجہد اور آزادی کے لیے دی گئی بے مثال قربانیاں، انشاء اللہ، ایک دن ضرور رنگ لائیں گی اور انہیں بھی آزادی کا سورج دیکھنا نصیب ہو گا۔ 
گورنر پنجاب 

ای پیپر-دی نیشن