صوابی تباہی سے بچ گیا 2دہشتگرد ہلاک 4پکڑے گئے پنجاب سے 9گرفتار
پشاور؍ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) خیبر پی کے میں صوابی بڑی تباہی سے بچ گیا۔ انتہائی مطلوب دو دہشتگرد ہلاک جبکہ 4 گرفتار کر لئے گئے۔ پولیس کے مطابق صوبائی کے علاقے ہنڈ میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا دہشت گردوں کی پولیس پارٹی پر دستی بم پھینکے اور فائرنگ کی ہلاک دہشتگردوں میں کمانڈر اظہار عرف شیراز عرف عبداللہ، زینت ثاقب شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ہلاک دہشتگرد اظہار کی سر کی قیمت 20 لاکھ روپے مقرر تھی۔ دہشت گرد اظہار دہشتگردی کے چھ سے زیادہ مقدمات میں مطلوب تھا۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس مردان ریجن محمد علی نے کہا ہے کہ پولیس نے ضلع صوابی کو بڑی تباہی سے بچا لیا اور 4 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ صوابی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی آئی جی نے کہا کہ پولیس نے 5 کلو گرام بارود مواد 18 ہینڈ گرنیڈ، 9 گرنیڈ، ایک راکٹ لانچر، 2 کلاشنکوف اور دیگر اسلحہ برآمد کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دہشتگردوں کا اگلا ہدف پولیس اہلکار اور اہم تنصیبات تھے۔ دہشتگردوں کا یہ نیٹ ورک نومبر میں افغانستان سے پاکستان آیا تھا۔ ڈی آئی جی کے مطابق ہلاک دہشتگرد اظہار اللہ نے افغانستان میں ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔ وہ دہشت گردی کی کارروائیوں کیلئے منصوبے بناتا تھا۔ دوسری طرف کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی) پنجاب نے لاہور سمیت صوبے بھر میں کارروائیاں کر تے ہوئے کالعدم تنظیموں کے 9مبینہ دہشت گردوں کوگرفتار کر لیا ہے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاعات پر صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں 20آپریشنزکیے گئے۔ جس میں 20 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی۔ گرفتار شدگان سے اسلحہ‘ دھماکہ خیز و دیگر ممنوعہ مواد برآمد کر لیا گیا۔گرفتار دہشت گردوں میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے6 ارکان عبدالرحمن‘ روید خان‘ حنیف اللہ خان‘ جلیل احمد‘باسط علی‘ جنید علی اور القاعدہ کے 3 ارکان غلام اللہ‘ احمد حسن اورامداد اللہ شامل ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز جیکٹ 1عدد، دھماکہ خیز 8130 گرام، حفاظتی فیوز 02.8 فٹ، الیکٹرک سرکٹ 3 عدد، بیٹری 1عدد‘ راکٹ1عدد‘ راکٹ چارجر 1 عدد‘ ہینڈ گرنیڈ 7 عدد‘ ڈیٹونیٹرز 11عدد، 1 رائفل ایس ایم جی بمعہ 40 گولیوں، 2 پستول 30 بور معہ 18 گولیاں، کالعدم تنظیم کی 7 کتابیں، کالعدم تنظیم کی 6 رسید بکس‘ کالعدم تنظیم کے 7 سٹیکرز،کالعدم تنظیم کا ایک جھنڈا، ایک عدد یو ایس بی، 3 موبائل فونز اور 44070روپے نقد برآمد کر لئے گئے ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ گرفتار دہشت گردوں نے صوبہ بھر میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔ پولیس نے گرفتار مبینہ دہشت گردوں کے خلاف گوجرانوالہ، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور لاہور میں 6مقدمات درج کر کے ان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
صوابی بچ گیا