حنا ربانی کھرکی سری لنکن صدر وزیر اعظم وزیر خارجہ سے ملاقاتیں تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ اے پی پی) وزیرمملکت حنا ربانی نے کولمبو میں سری لنکا کے صدر وکرما سنگھے اور وزیراعظم دنیش گناوردھنا سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حنا ربانی کھر نے سری لنکن صدر رانیل وکرما سنگھمے کو سری لنکا کے 75 ویں یوم آزادی پر مبارکباد دی دونوں رہنماؤں نے قریبی تعاون پر مبنی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان بدھ مت کے مشترکہ ورثے اور عوام سے عوام کے روابط پر بات چیت کی گئی۔ معیشت تجارت تعلیم اور سیاحت میں باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اے پی پی کے مطابق وز یر مملکت خارجہ امور حنا ربانی اور سری لنکا کے وزیر خارجہ علی صابری کے درمیان ملاقات کولمبو میں ہوئی۔ سری لنکا کے 75 ویں یوم آزادی کی تقریبات کے دوران ہونے والی ملاقات میں پاک سری لنکا باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حنا ربانی کھر نے علی صابری کو سری لنکا کی پلاٹینم جوبلی پر مبارکباد پیش کی۔ دو طرفہ تعلقات کی تمام جہتوں پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان معیشت، سیاست اور تجارت سمیت دو طرفہ تعاون میں اضافے پر اتفاق کیا گیا۔ حنا ربانی کھر اور علی صابری نے اقوام متحدہ اور سارک سمیت مختلف عالمی فورمز پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ مزید برآں وزیر مملکت امور خارجہ حنا ربانی کھر نے سری لنکا کی آزادی کی تقریبات کے موقع پر بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ اے کے عبدالمومن سے ملاقات کی ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر مختلف شعبوں بالخصوص معیشت اور تجارت میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
حنا ربانی ملاقاتیں