گولیاں مارنے کا فخر سے ذکر‘ رانا ثنائ‘ بھارتی وزیر داخلہ میں کیا فرق؟ فواد
جہلم، اسلام آباد (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے جب بھی عمران خان جیل بھرو تحریک کا اعلان کریں گے جہلم میں سب سے پہلی گرفتاری میں دوں گا۔ ہم بھی پاکستان چھوڑ کر باہر جا کر ڈالر کما سکتے ہیں مگر ہم پر پاکستان کی نسلوں کا قرض ہے، پاکستان کے عوام اپنے بچوں کے مستقبل کے خاطر جیلوں میں جانے کے لیے تو تیار ہے، لٹیروں کا سورج غروب ہو کر رہے گا۔ مقبوضہ کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے منائے گئے دن کے موقع پر جہلم میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے انتقال پر ہم سوگوار ہیں کیونکہ وہ ایک بڑے آدمی تھے۔ انہوں نے کہا کہ جس طریقے سے بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا ہوا ہے اسی طرح پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے بھی پاکستان پر غاصبانہ قبضہ کیا ہوا ہے۔ جیسے کشمیریوں پر بھارت زبردستی حکومت کر رہا ہے ویسے ہی شہباز شریف پاکستانیوں پر زبردستی حکومت کر رہا ہے۔ فواد چودھری نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے ساتھ ذاتی احترام کا تعلق تھا۔ مشرف نے 1999ء میں نواز شریف کو نکال کر پاکستان پر احسان کیا تھا۔ ن لیگ کہتی تھی مشرف نے آئین توڑا۔ پوچھتا ہوں کہا آج ملک میں آئین ہے۔ گزشتہ 9 ماہ سے آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔ مشرف نے صحیح پہچانا تھا۔ نواز شریف، زرداری کے ہوتے ہوئے آئین پر عمل نہیں ہو سکتا۔ نواز شریف اور زرداری کو باہر نکالنے کے لیے جو بھی کام ہو وہ جائز ہے۔ جو پاکستان میں ہو رہا ہے کیا کشمیر میں اس سے زیادہ ہو رہا ہے۔ رانا ثناء اللہ اور بھارتی وزیر داخلہ میں کوئی فرق نہیں۔ رانا ثناء اللہ کارکنوں پر شیلنگ، گولیاں برسانے کا فخر سے ذکر کرتا ہے۔ یہی کام بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں ہو رہا ہے۔ جب مرہم رکھنے کا وقت ہے تم لوگ نمک ڈال رہے ہو۔ فواد چوہدری نے پرویز مشرف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے تعزیتی بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ پرویز مشرف انتقال کر گئے۔ وہ بہت بڑے انسان تھے۔ ٹویٹ میں لکھا کہ پرویز مشرف کے دوست چھوٹے ثابت ہوئے۔