جیل انتظامیہ نے شیخ رشید کا گھر سے آیا کھانا واپس بھیج دیا
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) اڈیالہ جیل کی انتظامیہ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کیلئے گھر سے بھیجا جانے والا پسندیدہ کھانا واپس کر دیا۔ اس حوالے سے شیخ رشید کے بھتیجے و سابق ممبر قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق کو بتایا کہ شیخ رشید احمد کھانے میں چنے کی دال گوشت اور سفید چاول پسند کرتے ہیں۔ قریبی عزیز یخنی، دال گوشت اور چاول لیکر سینٹرل جیل اڈیالہ گیا لیکن جیل سٹاف نے اسے وصول کر کے شیخ رشید تک پہنچانے سے انکار کر دیا۔ جیل انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ اتوار کے دن تعطیل ہوتی ہے، اس دن اسیران سے ملاقات اور انہیں کسی قسم کا سامان پہنچانے کے لئے وصول نہیں کیا جاتا۔ دوسری جانب شیخ رشید احمد کا اڈیالہ جیل میں روٹین کا میڈیکل چیک اپ کیا گیا۔ جیل کے ڈاکٹرز نے شیخ رشید کا طبی معائنہ کیا، میڈیکل چیک اپ کے دوران شیخ رشید احمد کا بخار، بلڈ پریشر اور دل کی ڈھرکن کا معائنہ کیا گیا۔ ڈاکٹرز نے سربراہ عوامی مسلم شیخ رشید کو اپنی بیرک میں صحت مند اور تندرست قرار دیا۔ واضح رہے گزشہ روز شیخ رشید کو پولیس کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد ہونے پر اڈیالہ جیل میں ہیں۔