• news

پاک فوج ، عوام کشمیریوں کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھاتے رہیں گے: پرویز الٰہی، مونس 


لاہور (خصوصی نامہ نگار) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کشمیری عوام 75 سالوں سے جرأت و بہادری کے ساتھ بھارت کے ظلم و ستم کا مقابلہ کر رہی ہے۔ بھارت کشمیر میں ماورائے عدالت قتل و غارت گری کے واقعات میں ملوث ہے۔ بھارت کشمیر میں اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ مسلح افواج کی کشمیر کے حوالے سے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پاک افواج خطروں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ پاکستان کی افواج اور عوام ہر پلیٹ فارم پر کشمیریوں کی آزادی کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے۔ اقوام متحدہ کشمیریوں سے کئے گئے وعدے پورے کرے۔ مودی ظلم سے کشمیریوں کے جذبہ کو نہیں دبا سکتے۔ بھارت خطے کا امن خراب کرنے سے باز رہے۔ کشمیر پاکستان کا ہے۔ دریں اثناء چودھری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی نے سابق صدر و آرمی چیف جنرل پرویز مشرف کے انتقال پر گہرے دکھ و رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ پرویز الٰہی نے بیگم صہبا مشرف اور ان کے بیٹے بلال مشرف سے ٹیلیفون پر تعزیت کا اظہار کیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان آرمی اور ملک کے لیے پرویز مشرف کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، پرویز مشرف ایک نہایت ہی محب وطن، قابل اور بہادر جرنیل تھے۔ چاہے کشمیر کا ایشو ہو یا پاکستان کا انہوں نے ہر جگہ آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی۔ 

ای پیپر-دی نیشن