ـــــکشمیر نبے گا پاکستان ، پوری قوم ایک زبان
لاہور‘ اسلام آباد‘ فیروز والا‘ شیخوپورہ‘ قصور‘ گوجرانوالہ‘ ننکانہ‘ حافظ آباد (نیوز رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ علاقائی نمائندوں سے) پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر پورے جوش و جذبے سے منایا گیا۔ کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے پر پوری قوم یک زبان ہوگئی۔ ریلیاں اور سیمینارز ہوئے اور مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی سطح پر امداد جاری رکھیں گے۔ کشمیر جلد آزاد ہوگا۔ کشمیری بھائیوں کی جدوجہد رنگ لائے گی۔ بھمبر، کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی گئی، فضا کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھی۔ کشمیر اور پاکستان کو ملانے والے تمام راستوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر یک جان دو قالب ہونے کا اظہار کیا گیا جبکہ صبح 10 بجے سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے بھی خطاب کیا۔ یوم یکجہتی کشمیر پر سرکاری اور نجی سطح پر مختلف شہروں میں تقاریب، ریلیوں، جلسوں اور جلوسوں کا انعقاد کیا گیا۔ نہتے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارت کے غاصبانہ قبضے کیخلاف شہر شہر، نگر نگر ریلیوں، جلسوں اور خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ جبکہ مظفرآباد، کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی سب سے بڑی زنجیر بنائی گئی۔ کوہالہ پل کی مرکزی تقریب میں چاروں صوبوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفتر خارجہ کی جانب سے پارلیمنٹ ہاؤس تک کشمیر ریلی نکالی گئی‘ مشیر امور کشمیر قمر الزمان کائرہ نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کر کے کشمیر میں عالمی سرمایہ کاری کی تمام بھارتی کوششیں ناکام ہوں گی، منصفانہ جدوجہد میں نسل در نسل کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں۔ ملک کے مختلف شہروں میں سماجی اور سیاسی تنظیموں کی جانب سے کشمیر کا مسئلہ اجاگر کرنے کی غرض سے ریلیاں بھی نکالی گئیں۔ چاروں صوبائی دارالحکومتوں سمیت شہر شہر ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان کو آزاد کشمیر سے ملانے والے منگلا پل پر بھی انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی اور صبح 10 بجے سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ ریلیوں میں کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔ دوسری جانب لاہور‘ کراچی‘ پشاور اور کوئٹہ سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈیرہ بگٹی میں کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعروں کی گونج سنائی دی۔ مختلف مقامات پر ہونے والی تقریبات میں مقررین نے بھارتی مظالم بند کرنے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے ڈر ہے کہ ان حکمرانوں کے ہوتے سری نگر کے بعد مظفرآباد اور گلگت بلتستان بھی ہاتھ سے نہ نکل جائے۔ اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم آج پوری قوم نے دہرایا، مظلوم کشمیری قوم 200 سال سے آزادی کے لیے تڑپ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر دنیا کا سب سے بڑا قید خانہ ہے، کشمیر کے چھوٹے سے خطے میں 9 لاکھ سے زیادہ بھارتی فوج موجود ہے۔ سراج الحق کا کہنا تھا اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی کشمیرکے حق میں قراردادوں پر سب اندھے گونگے بہرے ہیں۔ اگر کشمیریوں نے جدوجہد ترک کی تو پاکستان کو پانی کا ایک قطرہ نہیں ملے گا۔ لاہور سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق نائب امیرجماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مستند عالمی دہشت گرد نریندر مودی ظالمانہ اور متعصبانہ اقدامات کے ذریعے کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر کے مسلم تشخص پر وار کر کے غیر ریاستی انتہاپسند ہندوؤں کو ڈومیسائل جاری کرکے عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیر رہا ہے۔ انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی رپورٹس ہندوستان کے مکروہ چہرے کو دنیا میں بے نقاب کررہی ہیں۔ حکومت پاکستان جنگی جرائم میں ملوث ہندوستان کے خلاف عالمی سطح پر بھرپور سفارتی مہم منظم کرے، ہندوستان کے ساتھ تمام معاہدات منسوخ کرے اور کشمیریوں کی عملی مدد کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے مظفرآباد میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یکجہتی کشمیر کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے قائم مقام امیر جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ نے کہا پاک فوج اور حکمران اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ فیصل آباد‘ گجرات‘ بہاولپور‘ سرگودھا‘ میانوالی‘ پاکپتن‘ جھنگ‘ چنیوٹ‘ وزیر آباد‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔ دریں اثناء تحریک لبیک پاکستان کے زیرِ اہتمام ملک بھر میں ریلیاں جلسے جلوس اور کانفرنسز کا اہتمام کیا گیا جبکہ لاہور میں مرکزی لبیک کشمیر و بیت المقدس مارچ امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی کی قیادت میں داتا دربار سے جامع مسجد رحمۃ للعالمینؐ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ45 ارب روپے میں وزیراعظم آزاد کشمیرکی سیٹ بیچی گئی ہے، یہاں ایک شخص جو کشمیر کا پرچم اٹھانے سے گریز کررہا تھا وہ کیا کشمیر آزاد کروائے گا۔ دیگر مقررین نے کہا کشمیر بزور شمشیر نظریہ ہی پورا ہوگا۔ مارچ کے اختتام پر کشمیر اور فلسطین کی آزادی سمیت پاکستان کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا بھی کروائی گئی۔ لاہور سے نیوز رپورٹر کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نون کشمیر ونگ کے زیر اہتمام 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے الحمرا ہال مال روڈ چوک سے اسمبلی ہال چوک تک خواجہ عمران نذیر کی قیادت میں ریلی نکالی گئی اور ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی۔ اس موقع پرشرکاء نے ’’کشمیر بنے گا پاکستان،کشمیر ہمارا ہے سارے کا سارا ہے‘‘ ودیگر نعرے لگائے گئے۔ سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کرن ڈار، وحید عالم، ملک ریاض، غزالی سلیم بٹ، ناصر ڈار عامر خان، سید توصیف شاہ، ملک وحید، رمضان صدیق بھٹی، رابعہ فاروقی، سعدیہ تیمور، کنول لیاقت سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ چیئرنگ کراس میں ریلی سے خواجہ عمران نذیر نے خطاب کیا۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیرانتظام لاہور ،گوجرانوالہ فیصل آباد ،سیالکوٹ ، اسلام آباد راولپنڈی ، ملتان ، پشاور،کوئٹہ اور کراچی کی طرح ملک بھر میں حرمت قرآن و یکجہتی کشمیر کارواں، ریلیوں، جلسوں اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیا۔ ملک بھر میں کیمپ لگائے گئے اور مقامی سطح پر پروگرام منعقد کیے گئے۔ سب سے بڑا پروگرام ناصر باغ تا پنجاب اسمبلی تک حرمت قرآن و یکجہتی کشمیر کارواں اور جلسہ عام تھا۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ خالد مسعود سندھو نے کہا پاکستان کی عوام کشمیر پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کرے گی۔ چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر پاکستان تحریک انصاف کے سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، پارٹی عہدیداران اور رہنماؤں نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے گلبرگ، شاہدرہ، شالامار چوک، بھٹہ چوک، واپڈا گول چکر، صدر کینٹ، داتا دربار‘ مون مارکیٹ‘ ٹھوکر، جلو موڑ، شاد باغ، والٹن، مغلپورہ، سبزہ زار، چونگی امر سدھو سے ریلیاں نکالیں۔ زمان پارک میں قابض بھارتی فوج کے مظالم کشمیر میں مودی حکومت کی سفاکیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اور مودی کے پتلے اور بھارتی پرچم کو نذر آتش کیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب اور ڈسٹرکٹ لاہور وومن ونگ کے زیراہتمام بھی زمان پارک میں کشمیر بہن بھائیوں سے بھرپور اظہار یکجہتی اور قابض بھارتی فوج اور مودی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پنجاب بھر میں محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے زیراہتمام ریلیوں اور یکجہتی کشمیر کانفرنسز کا اہتمام کیا گیا۔ لاہور میں نگران وزیر اوقاف و مذہبی امور، زکوہ و عشر بیرسٹر سید اظفر علی ناصر کی زیر قیادت کشمیری ریلی نکالی گئی۔ سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور پنجاب ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری اور بڑی تعداد میں ملازمین نے بھی شرکت کی۔ ایوان اوقاف سے جی پی او چوک تک ریلی میں بھارتی مظالم کے خلاف زبردست نعرے لگائے گئے۔ نگران وزیر بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد کو ہر پاکستانی سلام پیش کرتا ہے۔ جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام لبرٹی سے مال روڈ تک یکجہتی کشمیر موٹر سائیکل و کار ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ، نائب امراء جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد، صدر جے آئی یوتھ لاہور جبران بٹ نے بھی خطاب کیا۔ رضاکار وں مردو خواتین او ر بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جمعیت علماء اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمن کی اپیل پر ملک بھر کیساتھ لاہور میں عبدالکریم روڈ سے پریس کلب تک یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی۔ بھاٹی چوک، سبزہ زار، شاہدرہ، ماڈل ٹاؤن، کینٹ، ملتان روڈ، شالیمار ٹاؤن سے بھی ریلیاں بھی نکالی گئیں۔ جے یو آئی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ گجرات کا قصائی مودی، جنوبی ایشیائی خطے میں چوہدراہٹ قائم کرنے کیلئے پاگل ہو چکا ہے۔ اس کا یہ خواب کبھی پورے نہیں ہو گا۔ پاکستان سنی تحریک کے زیراہتمام کشمیر مارچ پریس کلب سے پنجاب اسمبلی تک نکالا گیا۔ جنرل سیکرٹری وسطی پنجاب سردار محمد طاہر ڈوگر نے کہا ہے کہ کشمیر پر سرد مہری اقوام متحدہ کی واضح طور پر ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ جمعیت علماء پاکستان کے زیراہتمام لاہور میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں جامعہ المرکز الاسلامی میں کشمیر کانفرنس منعقد کی گئی۔ کانفرنس سے علامہ قاری محمد زوار بہادر، حافظ نصیر احمد نورانی، رشید احمد رضوی، مفتی تصدق حسین، حافظ سلیم اعوان، مفتی محمد جمیل رضوی، ملک محبوب قادری، حافظ مستنصر نورانی، قاری لیا قت رضوی، مولانا شبیر فریدی، مولانا اعظم قادری اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔ تحریک دعوت توحید کے زیراہتمام بھی یکجہتی کشمیر ریلیاں نکالی گئیں۔ مرکزی قائد میاں محمد جمیل نے قیادت کی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ملک بھر کی طرح گوجرانوالہ میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالیں گئیں۔ جماعت اسلامی کے زیراہتمام آزادی کشمیر مارچ شیرانوالہ باغ نکالا گیا۔ کارکنوں، مذہبی، سیاسی، سماجی اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت بچوں کی بڑی تعداد نے بھی شر کت کی۔ نصر اللہ گورائیہ ضلعی امیر جما عت اسلا می مظہر اقبال رندھاوا نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اصل تنازعہ کشمیر کا مسئلہ ہے، جسے حل کئے بغیر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی ختم نہیں ہوسکتی۔ سٹی سٹارز سکول کے طلبہ واساتذہ نے چیئرمین حاجی محمد امین بٹ کی قیادت میں ریلی نکالی۔ ڈسٹرکٹ بار اور رہبر لائرز فورم کے زیر اہتمام ضلعی صدر پیپلز یو تھ آگنائزیشن غلام دستگیر اعوان کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ متحدہ علماء بورڈ پنجاب اور سنی اتحاد کونسل کے چئیرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا۔ سنی تحریک کے زیر اہتمام مظاہرے کئے گئے۔ جماعت اہل سنت پاکستان اور آستانہ عالیہ قادریہ رضویہ دارالسلام گوجرانوالہ سے جانشین ولی کامل علامہ صاحبزادہ پیر محمد دائود رضوی امیر جماعت رضائے مصطفی پاکستان کی زیر قیادت یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی۔ اہلحدیث یوتھ فورس سٹی کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر ریلی سٹی صدر اہلحدیث یوتھ فورس قاری سعد امین کی قیادت میں نکالی گئی۔ ریسکیو 1122 کے افسران، ریسکیو اہلکاروں اور ریسکیو محافظوں اور ضلعی انتظامیہ نے اظہارِ یکجہتی کشمیر ریلی کا انعقاد کیا جس میںڈپٹی کمشنر سائرہ عمر نے شرکت کی۔ ایم ایس ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر سہیل انجم نے ریلی کا انعقاد کیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق مہمند لویہ جرگہ کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر ریلی شاہین آباد جی ٹی روڈ سے گوندلانوالہ اڈہ تک نکالی گئی۔ تحریک لبیک اور پاکستان پیپلز پارٹی سٹی گوجرانوالہ کے زیراہتمام بھی ریلی نکالی گئی۔ فیروزوالہ سے نامہ نگار کے مطابق تحریک لبیک شاہدرہ کے زیراہتمام ریلی نکالی گئی جس کی قیادت الحاج علامہ پیر نصیر احمد قادری، مفتی ذبیح اللہ قادری، مولانا محمد وارث اور علامہ سمیع اللہ قادری نے کی۔ علاوہ ازیں جمعیت علماء پاکستان فیروزوالہ کے صدر پروفیسر زوار حسین مہروی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکمران روایتی انداز میں یوم یکجہتی کشمیر منانے کے بجائے کشمیر کی آزادی کے لیے بین الاقوامی فورم پر آواز بلند کریں۔ شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی سینئر نائب صدر میاں افضال حیدر نے ریلی سے خطاب کیا۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی نائب امیر پیر سید ظہیر الحسن بخاری اور ضلعی امیر ڈاکٹر محمد شاہد گجر نے ریلی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر ظلم و جبر کر رہا ہے جو کسی صورت برداشت نہیں کر یں گے۔ کشمیری اپنا حق حق خود ارادیت لینے کی خاطر لاکھوں قیمتی جانوں کے نذرانے دے چکے ہیں اور جب تک آزادی نہیں ملتی آزادی کی تحریک جاری و ساری رہے گی۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد جعفر چودھری کی قیادت میں ڈی سی آفس سے کچہری چوک تک ریلی نکالی گئی۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق پاکستان مسلم ویمن لیگ کے زیراہتمام ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ نگینہ کوثر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے۔ملک بھر کی طرح ننکانہ صاحب میں بھی یوم یکجہتی کشمیر بھرپور خروش کے ساتھ منایا گیا۔ ضلع بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں یکجہتی کشمیر ریلیاں نکالی گئیں اور سیمینارز کا انعقادکیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب رانا امجد علی تھے۔ بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی۔ تحصیلوں میں بھی اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں یوم کشمیر کے حوالے سے تقاریب اور احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں خاکستار تحریک کی جانب سے ریلی نکالی گئی۔ ضلعی رہنما محمد صدیق سالار نے قیادت کی۔ جماعت اسلامی کے زیراہتمام ایک ریلی علی پور روڈ سے نکالی گئی جس کی قیادت جماعت اسلامی پنجاب وسطی کے رکن شوریٰ امان اﷲ چٹھہ اور صوبائی صدر جے آئی یوتھ بشارت علی صدیقی و دیگر نے کی۔