خطے میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا پر امن حل ناگزیر، پرویز اشرف
اسلام آباد(نا مہ نگار)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پوری پاکستانی عوام آج یوم یکجہتی کشمیر منا رہی ہے،خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا پر امن حل ناگزیر ہے،پاکستان تمام علاقائی اور عالمی فورمز پر اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا،راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر صرف ایک علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ یہ 80لاکھ لوگوں کے حق خودارادیت کا مسئلہ ہے، بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے سے کشمیر کی آزادی کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا ہے،مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی مقف کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا، بے گناہ کشمیریوں کے خلاف بھارتی حکومت کے جبر اور ظلم نے دنیا اور خطے کے امن کو دا پر لگا دیا ہے، بھارت کے آئین سے آرٹیکل 370اور 35اے کی منسوخی کشمیری عوام کو ان کی شناخت اور آزادی سے محروم کی بہیمانہ سازش ہے،مسئلہ کشمیر پر پوری پاکستانی قوم متحد ہے اور کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، پاکستان کا بچہ بچہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستان پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے تمام بین الاقوامی اور علاقائی فورمز پر کشمیریوں کا مقدمہ بھرپور انداز سے لڑ رہا ہے، پاکستان کی پارلیمنٹ ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے ۔