• news

ٹانڈا ڈیم آپریشن میں زندہ بچ جانیوالے افراد کا پاک فوج،آرمی چیف سے اظہار تشکر


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) ٹانڈا ڈیم آپریشن میں زندہ بچ جانے والے افراد امین اللہ، محمد طاہر، محمد شاہ زیب ، مصطفی اور محمد عزیز نے پاک فوج اور آرمی چیف سے اظہار تشکر کیا ہے۔ امین اللہ نے کہا کہ کشتی الٹنے کے بعد میں اور میرے ساتھی تیرتے ہوئے کنارے کی طرف پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے تاہم میں راستے میں بے ہوش ہو گیا اور جب ہوش آیا تو اپنے آپ کو کنارے پر پایا، میں آرمی چیف کا انتہائی شکر گزار ہوں کہ ان کی وجہ سے آخری بچے کی باڈی ملنے تک آپریشن جاری رہا۔ بچ جانے والے محمد طاہر کا کہنا تھا کہ میں تمام اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں خاص طور پر آرمی چیف کا مشکور ہوں جن کی کوشش سے ہمارے آخری دوست کو بھی ڈیم سے نکال لیا گیا، پاک فوج کی طرف سے ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے لیفٹیننٹ کرنل عبداللہ نے بتایا کہ جب سانحہ کی اطلاع ملی تو میں اور میری ٹیم موقع پر پہنچے اور ابتدائی ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا، آرمی چیف کی خصوصی ہدایت پر ریسکیو آپریشن آخری باڈی کے مل جانے تک جاری رہا، میں اور میری ٹیم ایس ایس جی کے غوطہ خوروں کے ساتھ ڈیم کے اندر لگاتار کام کرتے رہے اور مل جانے والی باڈیز کو کنارے پر ایمبیولینس تک پہنچاتے رہے، اللہ کی مدد سے ہمارا یہ آپریشن کامیابی سے مکمل ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج وقت پڑنے پر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ ریسکیو آپریشن میں شامل ایس ایس جی کے کیپٹن وقار کا کہنا تھا کہ ٹانڈا ڈیم میں کشتی ڈوبنے کی اطلاع ملتے ہی ہمارے غوطہ خوروں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر آپریشن کا آغاز کیا، یہ لوگ ہمارے لوگ ہیں اور ہم ان کو تکلیف میں نہیں دیکھ سکتے۔ کوہاٹ 1122 کے اہلکار نے بتایا کہ ریسکیو 1122 نے آرمی کے ساتھ ملکر ریسکیو آپریشن میں اپنا کردار ادا کیا اور ریسکیو 1122کوہاٹ کی عوام کی مدد کے لئے ہر وقت تیار ہے۔

ای پیپر-دی نیشن