بھارت جان لے کوئی بھی دیوار آزادی کی خوشبو کو روک نہیں سکتی: گورنر
لاہور (نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے محکمہ اطلاعات پنجاب کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد اور آزادی کے لیے دی گئی بے مثال قربانیاں انشاء اللہ ایک دن ضرور رنگ لائیں گی اور انہیں بھی آزادی کا سورج دیکھنا نصیب ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے ساتھ ساتھ ہمیں پشاور میں ہونے والے حالیہ واقعہ نے بھی بہت رنجیدہ کیا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ 5فروری ہمارے لئے ایک اہم ترین دن ہے۔ اس دن سے نہ صرف ہماری جذباتی وابستگی ہے بلکہ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم مظلوم کے ساتھ کھڑے ہوں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے 2013ء سے 2017ء تک ہر فورم پر کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں کشمیری بھائیوں پر ظلم و ستم کی ایک لمبی اور انتہائی دردناک تاریخ ہے جسے ہمارے غیرت مند کشمیری بہن بھائی گذشتہ کئی دہائیوں سے انتہائی بہاردی اور جرات سے برداشت کرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری، اقوام متحدہ اورانسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کو بھارت کے ان غیر قانونی اقدامات کے خلاف ایکشن لینا چاہئے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بھارت کو جان لینا چاہئے کہ کوئی بھی دیوار آزادی کی خوشبو کو روک نہیں سکتی، آزادی کشمیریوں کا حق ہے اور انشاء اللہ انہیں مل کر ہی رہے گی۔ بعد ازاں گورنر پنجاب نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ایک ریلی کی قیادت بھی کی۔