• news

 ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر کسی صورت قبول نہیں:آئی جی 


لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں، خلاف ورزی کی صورت میں افسران و ماتحتان کا لحاظ کئے بغیربلاتفریق ذمہ داران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائیگی۔ تمام آر پی اوز ، سی پی اوز اور ڈی پی اوز پیر رات 12 بجے تک چوری ، راہزنی و ڈکیتی کے تمام تصدیق شدہ واقعات کی ایف آئی آر کا اندراج یقینی بنا کر سرٹیفکیٹ سنٹرل پولیس آفس جمع کروائیں۔ سی پی اوز اور ڈی پی اوز اس بات کو یقینی بنایں کہ ڈکیتی ، راہزنی و چوری کے تصدیق شدہ واقعات کی کوئی ایف آئی آر زیر التواء نہ رہے اور اس بات کو یقینی بنانے کیلئے سی پی اوز اور ڈی پی اوز مانیٹرنگ کے عمل کو بہتر سے بہتر کریں اور اگر اس کے باوجود بھی اگر کوئی ایسے فعل میں ملوث پایا جاتا ہے تو اس کیخلاف ایکشن لینے میں قطعی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔ شہریوں کی شکایات پر بروقت ایکشن نہ لینے پر معطل ہونیوالے ایس ایچ اوز کے شوکاز نوٹسز کا فیصلہ 24 گھنٹوں میں کر کے محکمانہ کارروائی مکمل کی جائے۔ شوکاز نوٹسز کو ایس ایچ اوز کے سروس ریکارڈ کا حصہ بنا کر دوبارہ کبھی انہیں ان تھانوں میں تعینات نہ کیا جائے۔ انہوںنے واضح کیا کہ شہریوں کے مسائل کو اپنا مسئلہ سمجھنے والے افسران ہی صرف فیلڈ پوسٹنگ پر رہ سکیں گے کیونکہ ہمارا بنیادی کام عوام کی جان و مال اور عزت آبرو کا تحفظ ہے اور اس مقصد میں ناکام رہنے والے افسران کو اچھی پوسٹنگ پر رہنے کا کوئی حق نہیں لہذا ڈکیتی ، راہزنی اور چوری کے مقدمات بروقت درج نہ کرنے والے افسران و اہلکار خود کو کاروائی کیلئے تیار کر لیں۔ یہ ہدایات انہوں نے 1787 کمپلینٹ سنٹر کے اچانک دورے کے دوران افسران کو جاری کیں۔ آئی جی پنجاب نے شہریوں کی کالز سنیں اور شکایات پر ہونے والے ایکشن کا جائزہ لیا۔مزید برآں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بہترین ڈیوٹی کرنے والے ٹریفک وارڈنز کی تعریفی اسناد اور کیش انعامات سے حوصلہ افزائی کی۔ انسپکٹر رانا احسن اور ٹریفک وارڈن رضوان نے جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑی کو چند ہی گھنٹوں میں ٹریس کرکے تھانہ فیکٹری ایریا میں بند کروایا جس پر آئی جی پنجاب نے رانا احسن اور رضوان کو سی سی ون سرٹیفکیٹ اور کیش انعام دیا۔ دوران ڈیوٹی اچھی کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی احسن روایت ہے لہذا آر پی اوز اور ڈی پی اوز اپنے اضلاع میں محنتی ، قابل اور فرض شناس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی جاری رکھیں۔ اس موقع پر سی ٹی او لاہور کیپٹن ریٹائرڈ مستنصر فیروز موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن