• news

لاہور پولیس کا بھی کشمیری عوام کی دلیرانہ جدجہد کو سلام:سی سی پی او


لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر بہترین سکیورٹی انتظامات پر لاہور پولیس کوشاباش دی ہے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ موثر انتظامات اور ٹیم ورک سے یوم یکجہتی کشمیر  کے پروگراموں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی گئی۔ڈولفن سکواڈ،پولیس ریسپانس یونٹ،سٹی ٹریفک سمیت تمام پولیس یونٹس نے مربوط حکمت عملی اپنائی۔لاہور پولیس کے جوان ہائی الرٹ رہے۔ بھرپور چیکنگ اورموثر پٹرولنگ کی گئی۔لاہور پولیس نے  یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر شہر بھر میں نکالی جانے والے ریلیوں، منعقدہ سیمینارز اور دیگر پروگراموں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کیساتھ خوبصورت انداز میں کشمیری عوام کی دلیرانہ جدجہد اور قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔پولیس افسران اور جوانوں نے پوری قوم کے شانہ بشانہ یوم یکجہتی کشمیر جوش و خروش سے منایا۔پولیس افسران اور اہلکاروں نے کشمیری جھنڈے لہرا کر کشمیری بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں اور نعرے لگائے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے پروگراموں اور شرکا کی سکیورٹی کیلئے 2 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر شہر بھر میں سکیورٹی اور ٹریفک کے مربوط اور موثر انتظامات دیکھنے میں آئے۔ایس پیز،ڈی ایس پیز،ایس ایچ اوز سمیت لاہور پولیس کے دو ہزار سے زائد افسران اور جوان اہم مقامات، ریلیوں،سیمینارز اور دیگر متعلقہ پروگراموں کی سکیورٹی پرتعینات تھے۔حساس مقامات پر منعقدہ یکجہتی کشمیر ریلیوں اور اے کیٹگری پروگراموں پرپولیس کی اضافی نفری تعینات تھی۔شہریوں کا تحفظ اور امن کا قیام یقینی بنانے کیلئے صوبائی دارلحکومت کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ بڑھادی گئی تھی جبکہ مختلف علاقوں میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی کئے گئے۔سی سی پی او لاہور نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گذشتہ کئی دہائیوں سے آزادی،حق خو ارادیت اور بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔کشمیری عوام نے بھارتی غاصبانہ تسلط سے آزادی کیلئے اپنے لہو سے نئی تاریخ رقم کی ہے۔لاہور پولیس پوری قوم کے ہمراہ کشمیری بہن بھائیوں کی جدوجہد میں شانہ بشانہ ہے اور کشمیری عوام کی دلیرانہ جدجہد کو سلام پیش کرتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن