کشمیری ہماری بقا ء کی جنگ لڑ رہے ہیںقوم بھرپور یک جہتی دکھائے:شبیر حسین بٹ
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )کشمیری پاکستان کی بقا ء کی جنگ لڑ رہے ہیںاس لیے پاکستانی قوم کو مظلوم کشمیریوں کی اخلاقی ،سفارتی مدد کے ساتھ ساتھ اُن سے بھر پور اظہار ِیکجہتی کرنا چاہیے ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل ) شبیر حسین بٹ نے پنجا ب کالج یونیورسٹی کیمپس کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن پنجاب کالجز گوجرانوالہ محمد شہزاد رفیق ،پرنسپل پنجاب کالجز محمد سلمان ،ڈِین شاہد سلیم اور انچارج بی ایس پروگرام شمیم اختر کے علاوہ اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔شبیر حسین بٹ نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ اس لئے کہا کہ پاکستان کو سیراب کرنے والے تمام دریا کشمیر کی وادی سے نکلتے ہیں جس پر انڈیا قابض ہے اور وہ مسلسل دریائوں کا رُخ بدل کر ہمیں خشک سالی کی طرف دھکیل رہا ہے لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ کشمیر کے مسئلہ کو پاکستان کی بقا سمجھا جائے ۔ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن پنجاب کالجز گوجرانوالہ محمد شہزاد رفیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو اپنی تما م تر توجہ تعلیم پر دے کر پاکستان کو اقتصادی طور پر مضبوط بنانا چاہیے کیونکہ ایسا کرنے سے ہی ہماری آواز دنیا میں سُنی جا سکے گی اور کشمیری قوم سے حقیقی اظہار ِ یکجہتی ہو گا ۔ آخر میں کشمیری قوم سے یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی ۔