اقوام عالم نہتے کشمیری مسلمانوں پر بھارتی مظالم بند کرائیں:ڈپٹی کمشنرحافظ آباد
حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت)حافظ آباد میں بھی یوم یکجہتی کشمیر بھر پور ملی جو ش و جذبہ سے منا یا گیا۔یوم کشمیر کی مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں منعقد ہوئی جہاں ڈپٹی کمشنر تو قیر الیاس چیمہ نے پرچم کشائی کی۔ پولیس ،ریسکیو 1122اور سول ڈیفنس کے دستوں نے سلامی پیش کی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر رب نواز چدھڑ ، اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر اینڈ کوارڈنیشن اشفاق احمد ، سی ای او ایجو کیشن وزیر احمد آغا سمیت سرکاری افسران ،اساتذہ،طلباء ،شہریوں اور میڈیا کے نمائندوں نے بھر پو ر شرکت کی۔اس مو قع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر تو قیر الیاس چیمہ نے کہا کہ آج پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری مسلمان بہن ، بھائیوں کے ساتھ ہے اور جب تک انہیں آزادی حاصل نہیں ہوتی ہماری یہ جدو جہد جاری رہیگی۔انہوں نے کہا کہ اقوام عالم بے گناہ نہتے اور معصوم کشمیری مسلمانوں پر بھاری مظالم بند کروانے اور اقوام متحدہ کی پاس کردہ قرار داد کے ذریعے کشمیریوں کو انکاحقِ آزادی دیا جائے۔یو م یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس سے ریلی بھی نکالی گئی اور مختلف تعلیمی اداروں میں بھی سیمینار اور تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔