مغرب کو کشمیر سے کوئی غرض نہیں، مسلم ممالک مل کر آواز اٹھائیں: راشد محمود
نوشہرہ ورکاں(نامہ نگار)پریس کلب کے زیر اہتمام آل پارٹیز یکجہتی کشمیر کانفرنس ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے صدرپریس کلب راشد محمود خاور نے کہا مغرب کو مسئلہ کشمیر سے کوئی غرض نہیں مسلم ممالک کو مل کر پر زورانداز میں اٹھانا ہوگی،میاں منظور احمد نے سویڈن میں قرآن پاک کی بیحرمتی کیخلاف قرار داد پیش کی جو متفقہ طور پرمنظور کرلی گئی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اقبال صدیق سدھو نے کہا مسئلہ کشمیر کیلئے تمام مکتبہ فکر کا ایک ہونا خوش آئند ہے۔صدر تحصیل بارشبیر احمد بھٹی ایڈووکیٹ نے کہا بھارت کے ساتھ مل کر صیہونی قوتیں ہماری ذہن سازی کر رہی ہیں۔مسئلہ کشمیر بھارت کی مرمت سے حل ہوگا۔ حافظ افتخار احمد شاکر نے کہا جس قوم میں جذبہ ایمانی اور یقین کی دولت بیدار ہو جائے تو کوئی قوم اس کو شکست نہیں دے سکتی ۔ صدر پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن میاں عمران سلیم نے کہا پاکستان کے پالیسی ساز مخلص نہیں اگر مخلص ہوتے تو مسئلہ کشمیر کب کا حل ہو چکا ہوتا۔تقریب سے عمران صدیقی سنی علماء کونسل ،حافظ افتخار احمد شاکر جماعتِ اہلسنت، حافظ محمد یعقوب مرکزی جمعیت اہلحدیث، محمد اقبال قاسم مصطفائی تحریک ، عبید اللہ انور بزم علمائے دیو بند محمد اکمل گجر جمعیت علمائے اسلام نے خطاب کیا۔