بھارت کا جعلی آپریشن بے نقاب
پاکستان انٹیلی جنس ایجنسیوں نے ایک بار پھر بھارتی ایجنسیوں کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ منصوبے کے مطابق مجبور کشمیریوں کو پیسے کا لالچ دے کر سمگلنگ پر آمادہ کیا جاتا اور موقع ملنے پر بے خبر سمگلرز کو جعلی آپریشن میں مار دیا جاتا اور بعد میں اسے آپریشن کا رنگ دے کر الزام پاکستان پر لگا دیا جاتا۔بھارت اس سے پہلے بھی اس قسم کے جھوٹے اور بے بنیاد آپریشن کر کے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک چکا ہے۔ بھارت کی خفیہ ایجنسیاں ایک عرصہ سے پاکستان کے خلاف سازشی منصوبے بناتی چلی آ رہی ہیں۔ اب تک انھوں نے جتنے بھی منصوبے بنائے وہ جعلی اور بے بنیاد ہونے کی بنا پر مطلوبہ مقاصد حاصل نہیں کرسکے تاہم ان کی آڑ میں بھارت نے پوری دنیا میں اپنی پروپیگنڈا مشینری کے ذریعے پاکستان کو بدنا م کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ اس کے غیر ممالک میں قائم سفارتی مشن اس پروپیگنڈا میں پوری طرح تاک ہیں جبکہ اس کے برعکس پاکستان کے غیر ممالک میں قائم سفارتی مشن میں سیاسی بھرتیوں کی وجہ سے نہ تو ان میں بھارتی پروپیگنڈے کا توڑ کرنے کی صلاحیت ہے اور نہ ہی ایسی کوئی پالیسی دکھائی دیتی ہے ۔ اسی کمزوری کا ہمارا دشمن فائدہ اٹھاتا رہا ہے لیکن ففتھ جنریشن وار کے دور میں پاکستان کی مسلح افواج ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ انھوں نے چند روز پہلے بھی بھارتی منصوبہ سازوں کی سازش کا پتا چلا کر اسے ناکام بنا دیا تھا اور اب پھر اس نئے منصوبہ کو ناکام بنا کر اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت فراہم کیا ہے۔ ہمیں اپنی خفیہ ایجنسیوں کی صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسیوں کے اس جعلی آپریشن کے بارے میں پوری دنیا کو بھی آگاہ کیا جائے اور اسی طرح اس کی تشہیر کی جائے جس طرح بھارت کرتا ہے تاکہ دنیا کو اس کے سیاہ کارناموں سے آگاہی ہو سکے۔