• news

پاکستان پہلی بار نیزہ بازی کے عالمی کپ کیلئے کوالیفائر مقابلوں کی میزبانی کریگا


لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان پہلی بار گھڑ سواروں کی نیزہ بازی کے عالمی کپ کیلئے کوالیفائر مقابلوں کی میزبانی کریگا۔انٹرنیشنل ایکویسٹرین فیڈریشن کے زیرنگرانی ایکویسٹرین فیڈریشن آف پاکستان کے تحت سہ روزہ ورلڈ کپ کوالیفائرز 15 فروری سے لاہور میں شروع ہوں گے۔ 17 فروری تک جاری رہنے والے ان مقابلوں میں 6 ممالک شرکت کریں گے جن میں اردن ، لیبیا ، ایران ، شام ، بیلاروس اور میزبان پاکستان  شامل ہیں۔مقابلوں میں کامیاب ٹیم اسی سال جنوبی افریقہ میں ہونے والے عالمی کپ میں شرکت کی حقدار ہوگی۔ دریں اثنا  ٹرائلز کے بعد عالمی کپ کوالیفائرز کیلئے قومی ٹیم کا انتخاب کرلیا گیا۔ منتخب گھڑ سواروں میں عرفان وٹو، وجاہت اللہ خان ، ناصرعباس ، تصور عباس لک، فضیل امجد بھٹی شامل ہیں، ہارون بندیال کوچ ہوں گے۔ ایکویسٹرین  فیڈریشن آف پاکستان کے صدر سلطان محمد کا کہنا ہے کہ پاکستان کو عالمی مقابلوں کی میزبانی ملنا قابل فخر ہے، دنیا بھر میں پاکستانی گھوڑوں کو انتہائی پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔عالمی کپ کوالیفائرز کے شایان شان انعقادکیلئے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں جبکہ قوی امید ہے کہ پاکستان ان مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا ، واضح رہے کہ انٹرنیشنل فیڈریشن نے جعلسازی کرنے پر بھارت سے میزبانی واپس لے کریہ ذمہ داری پاکستان کو تفویض کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن