افتخار نے اوور میں 6 چھکے لگائے ، کوئٹہ نے پشاور کو نمائشی میچ ہرادیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)کوئٹہ میں پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں سیزن کے نمائشی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 3 رنز سے شکست دیدی۔ بگٹی کرکٹ سٹیڈیم کوئٹہ میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 184 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی تھی جبکہ اسکے 4 کھلاڑی پویلین لوٹے تھے۔ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی جانبسے محمد حارث اور بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا تاہم بابر 23 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، دیگر کھلاڑیوں میں شاہد آفریدی 25، اعظم خان 6، صائم ایوب 19، عامر جمال ایک رنز بناسکے۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث نے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد حسنین اور افتخار احمد نے 2، 2 جبکہ نسیم شاہ اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔کوئٹہ کی جانب سے احسان علی 5، عمر اکمل صفر، کپتان سرفراز احمد 4 اور عبدالواحد بنگلزئی 28، خوشدل شاہ 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ افتخار احمد نے 50 گیندوں پر 94 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی تھی، انہوں نے وہاب ریاض کو اننگز کے آخری اوور میں 6 گیندوں پر 6 چھکے لگائے تھے۔ وہاب ریاض نے 3، اسامہ میر اور عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔افتخار احمد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سٹیڈیم کے باہر شائقین کرکٹ کا رش دیکھا گیا جس کے پیش نظر انتظامیہ نے انٹری پوائنٹس بندکردئیے اور بے نظمی پر نمائشی میچ روک دیاگیا۔انٹری پوائنٹس بند ہونے اور اندرجانے کی اجازت نہ ملنے پربعض شائقین کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا تاہم گراؤنڈ کے باہر صورتحال نارمل ہونے پرنمائشی میچ کادوبارہ آغاز کیا گیا۔کوئٹہ میں میچ کیلئے سٹیڈیم اور اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، میچ کے دوران 4 ہزار سے زائد پولیس اور فرنٹئیرکور کے اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیتے رہے ۔ پی ایس ایل کا نمائشی میچ دیکھنے کیلئے سابق سٹار کرکٹرز جاوید میانداد اور معین خان بھی کوئٹہ پہنچے جبکہ اداکار ایوب کھوسہ، احد رضا سمیت کئی شوبز سٹارز بھی کوئٹہ پہنچے ۔