سا بق صدر مشرف کی میت کراچی پہنچ گئی ، آج تد فین
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر پرویز مشرف کی میت پاکستان پہنچ گئی۔ پرویز مشرف کی میت کو متحدہ عرب امارات میں غسل دیا گیا۔ پرویز مشرف کی میت کو پاکستان لے جانے کیلئے یو اے ای نے خصوصی طیارہ فراہم کیا۔ سابق صدر کی میت دبئی سے خصوصی طیارے کی ذریعے کراچی آئی۔ خصوصی طیارے میں سابق صدر کی اہلیہ صہبا مشرف، صاحبزادے بلال مشرف اور صاحبزادی بھی ساتھ آئیں۔ سابق صدر کی نماز جنازہ آج دوپہر ایک بجکر 45 منٹ پر پولو گراؤنڈ ملیر کینٹ میں ادا کی جائے گی۔ دوسری جانب پرویز مشرف کی فوجی قبرستان میں تدفین کیلئے قبر تیار کی گئی ہے۔ فوجی قبرستان کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور قبرستان کی سکیورٹی کے انتظامات رینجرز نے سنبھال رکھے ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے سابق صدر پرویز مشرف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے سربراہ کو مشرف کے انتقال کی خبر سن کر دکھ ہوا ہے اور وہ مرحوم پرویز مشرف کے اہل خانہ اور پاکستانی عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ سابق صدر مشرف نے ایک نازک وقت میں پاکستان کی قیادت کی جس کے دوران ملک نے مستحکم اقتصادی ترقی دیکھی۔