• news

محا صرے ، تلا شی کا رروا ئیاں جا ری ، مزید 9افراد گرفتار 


سری نگر (کے پی آئی) بھارت کے غیر قانونی قبضے والے کشمیر میں محاصرے اور تلاشی کارروائیاں جاری ہیں۔ جموں میںنام نہاد انسداد تجاوزات مہم کے خلاف احتجاج کرنے پر 9افراد کو گرفتار کر لیاہے۔ان افراد کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ دیگر افراد کے ہمراہ ضلع جموں میں ناروال بائی پاس پر ملک مارکیٹ میں گاڑیوں کے ایک شوروم کو منہدم کرنے کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔دوسری جانب ضلع سانبہ سے ایک مسلمان شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ 24 سالہ امان بھٹی کی لاش جو 3 فروری سے اپنے گھر سے لاپتہ تھے، ضلع کے علاقے کمالہ رام گڑھ سے برآمد ہوئی۔ جبکہ نام نہاد انسداد تجاوزات مہم کے تحت کشمیری مسلمانوں کو زمین سے محروم کرنے  کے منصوبے کے تحت  کشمیریوں کی دو  لاکھ  ایکٹر اراضی پر  قبضہ کر لیا گیا ہے۔ جموں وکشمیر کی قابض بھارتی انتظامیہ نے  وادی کشمیر میں ایک  لاکھ78 ہزار ایکڑ جبکہ جموں میں25 ہزار ایک سو59ایکڑ اراضی کو  مالکان کو کوئی نوٹس دیے بغیر زبردستی قبضہ میں لے لیا ہے۔ لیگل فورم فار کشمیر(ایل ایف کے) کی رپورٹ کے مطابق  مقبوضہ جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی ،علاقے میںسخت پابندیاں عائد ہیں اور لوگوں کواسرائیلی طرز کے نوآبادیاتی مظالم کا سامنا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے جدوجہد آزادی میں مصروف کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرنے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ اور سینئر رہنما شبیر شاہ نے بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے پیغامات میں کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جاری جدوجہد کی بھرپور حمایت کرنے پر حکومت پاکستان اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ حریت رہنمائوں  نے کہا کہ سیاسی طور پر مستحکم اور معاشی طور پر مضبوط پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی کامیابی کا ضامن ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن