ہائیکورٹ کا حکم کالعدم، سپریم کورٹ نے 50 فیصد سپر ٹیکس ایک ہفتے میں لینے کی اجازت دیدی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے ایف بی آر کو بڑی کمپنیوں پر عائد سپر ٹیکس کا پچاس فیصد ایک ہفتے میں ریکور کرنے کی اجازت دے دی۔ سپریم کورٹ میں ایف بی آر کی جانب سے دائر 27 اپیلوں پر سماعت چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت ایف بی آر کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے موقف اختیار کیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے عبوری حکم کے ذریعے ایف بی آر کو سپر ٹیکس کی ریکوری سے روک دیا جبکہ حتمی فیصلہ آنا ابھی باقی ہے۔ دوسری جانب فریقین کمپنیوں کے وکلا کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا عائد کیا گیا سپر ٹیکس قانون کے مطابق نہیں جس کے بعد سپریم کورٹ نے اپنے حکم کے ذریعے لاہور ہائیکورٹ کا عبوری حکمنامہ ختم کرتے ہوئے ایف بی آر کو ہدایت کی کہ وہ سپر ٹیکس کا پچاس فیصد کمپنیوں سے ایک ہفتے کے اندر ریکور کرے۔